ایل رمنا نے کارکنوں کو متحرک کردیا، مضافاتی علاقوں کے حلقوں پر توجہ
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات میں تلگودیشم پارٹی کے حق میں رائے دہندوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے سوشیل میڈیا کے ذریعہ منفرد مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں بسنے والے آندھرائی باشندوں کیلئے آندھرا پردیش کے تلگودیشم حامیوں اور کارکنوں کی جانب سے مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ تلگودیشم نے انتخابی مہم میں سوشیل میڈیا کے ماہرین کو متحرک کرتے ہوئے شہر کے نواحی علاقوں میں پارٹی کے حق میں تائید میں اضافہ کی کوشش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی صدر ایل رمنا نے سوشیل میڈیا سیل کو متحرک کردیا ہے۔ دوسری طرف آندھرا پردیش کے مختلف علاقوں سے حیدرآباد کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں رشتہ داروں اور دوست احباب سے ربط قائم کرتے ہوئے تلگودیشم کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی جارہی ہے۔ ٹیلی فون کالس اور مسیجس کے ذریعہ اس مہم کا آغاز کیا گیا جس میں آندھرا سے تعلق رکھنے والے افراد کو تلگودیشم کی تائید کی ترغیب دی جارہی ہے۔ تلگودیشم سوشیل میڈیا وِنگ نے مختلف عنوانات سے گروپس تشکیل دیئے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو آرمی، ٹی ڈی پی واریرس، ٹی ڈی پی آرمی، ٹی ڈی پی یوتھ، ٹی ڈی پی مشن 2022، ٹی ڈی پی یواسینا، ووٹ فار ٹی ڈی پی اور دیگر عنوانات سے سوشیل میڈیا گروپس کو متحرک کیا گیا ہے۔ فیس بک، واٹس ایپ، ٹیلی گرام، انسٹا گرام، ٹوئیٹر اور دیگر ذرائع استعمال کرتے ہوئے تلگودیشم امیدواروں کے حق میں ووٹ کے استعمال کی اپیل کی جارہی ہے۔ اس مہم میں تلگودیشم دور حکومت میں حیدرآباد کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات کا تذکرہ شامل ہے۔ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کو امید ہے کہ گریٹر انتخابات میں آندھرا سے تعلق رکھنے والے رائے دہندوں کی تائید حاصل ہوگی۔