تلگودیشم کے قیام کے 40 سال کی تکمیل پر حیدرآباد میں مختلف تقاریب

   

این ٹی آر کو چندرا بابو نائیڈو کا خراج، تلگو ریاستوں کی خدمت جاری رکھنے کا عزم
حیدرآباد ۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے قیام کے 40 سال کی تکمیل پر آج حیدرآباد میں کئی پروگرام منعقد کئے گئے۔ تلگودیشم کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو نے این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر پارٹی کے بانی آنجہانی این ٹی راما راؤ کو خراج ادا کیا۔ اس کے علاوہ این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں مختلف پروگرام منعقد کئے گئے جن میں دونوں تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم کے عوامی نمائندوں، قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ چندرا بابو نائیڈو نے پولیٹ بیورو اجلاس میں دونوں ریاستوں میں پارٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ 1982 میں 29 مارچ کے دن این ٹی راما راؤ نے حیدرآباد کے آدرش نگر میں واقع ایم ایل اے کوارٹرس میں تلگودیشم کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ سماج کے ہر طبقہ کو انصاف دلانے اور ہر گھر میں خوشحالی کے جذبہ کے تحت تلگودیشم قائم کی گئی جو گزشتہ 40 برسوں سے عوام کی خدمت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی پرواہ کئے بغیر دونوں ریاستوں میں تلگودیشم کی خدمات سے عوام بخوبی واقف ہیں۔ تلگودیشم پارٹی تلگو عوام کے دلوں میں پیوست ہے۔ چندرا بابو نائیڈو کا این ٹی آر ٹرسٹ بھون پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ نائیڈو نے کہا کہ تلگو سماج اور تلگو عوام کے ساتھ توہین کو برداشت نہ کرتے ہوئے تلگو عوام کی عزت نفس کے لئے این ٹی راما راؤ نے تلگودیشم قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم کے دور حکومت میں کئی فلاحی اسکیمات شروع کی گئیں اور دو روپے کیلو چاول اسکیم این ٹی آر کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم نے نہ صرف تلگو ریاستوں بلکہ قومی سطح پر سیاست میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو عوام کبھی بھی تلگودیشم پارٹی کو بھلا نہیں پائیں گے اور اس سے وابستگی برقرار رہے گی۔ تلگودیشم آندھرا پردیش کے صدر اچم نائیڈو، تلنگانہ تلگودیشم کے صدر نرسملو کے علاوہ سومی ریڈی، چندر موہن ریڈی، بچیا چودھری، بابا رامیا اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔ پولیٹ بیورو کے رکن چندر شیکھر ریڈی نے این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں پارٹی قومی صدر کا استقبال کیا۔ ر