کل یا پرسوں پہلی فہرست کی اجرائی ممکن ۔ نائیڈو مسلسل سرگرم
حیدرآباد 10 مارچ ( این ایس ایس ) اب جبکہ عام انتخابات کا بگل بج چکا ہے تلگودیشم پارٹی کے سربراہ و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو گذشتہ چند دن سے لوک سبھا حلقوں کی اساس پر جائزہ اجلاس منعقد کر رہے ہیںتاکہ پارلیمانی اور اسمبلی دونوں ہی حلقوں کیلئے امیدواروں کا انتخاب کیا جاسکے ۔ تلگودیشم پارٹی سربراہ نے سمجھا جاتا ہے کہ تقریبا 100 اسمبلی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیدی ہے تاہم ابھی ان کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ تلگودیشم پارٹی کی قیادت کا اس بات پر اتفاق ہے کہ کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت والے امیدواروں کو ہی میدان میں اتارا جائیگا ۔ امید کی جا رہی ہے کہ تلگودیشم پارٹی کی پہلی فہرست کی 12 یا 13 مارچ کو اجرائی عمل میں آئیگی ۔ کہا جا رہا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو نے کچھ متنازعہ نشستوں و حلقوں پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ایسے مسائل حل کرنے کیلئے انہوں نے وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو کی قیادت میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس میں سابق مرکزی وزیر سوجنا چودھری ‘ بی وینکنا اور ورلا رامیا بھی شامل ہیں۔ یہ ارکان ٹکٹ کے ایک سے زائد دعویداروں سے بات چیت کرینگے اور کسی ایک کو قطعیت دینگے ۔