چندرا بابو نائیڈو کو مبارکباد، قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کی امید
حیدرآباد۔/4جون، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے ہیڈکوارٹر این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں آندھرا پردیش میں تلگودیشم کی شاندار کامیابی کا جشن منایا گیا۔ آندھرا پردیش میں اقتدار پر واپسی کے علاوہ تلگودیشم نے لوک سبھا کی زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون بنجارہ ہلز میں تلگودیشم کے کارکنوں اور حامیوں کی کثیر تعداد جمع ہوئی اور چندرا بابو نائیڈو کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ تلگودیشم قائدین نے پارٹی کے بانی این ٹی آر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پارٹی کے پولیٹ بیورو رکن بی نرسملو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو قومی سیاست میں اہم رول ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی مخالف عوام حکومت کو رائے دہندوں نے مسترد کردیا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے ایوان میں چیف منسٹر کے طور پر داخل ہونے کے اپنے عہد کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم نے جو انتخابی منشور پیش کیا ہے اسے عوام نے قبول کیا۔ پارٹی کے دیگر قائدین بی وینکٹیشورلو، کے پرسونا، شاما بھوپال ریڈی، اے راجو نائیک، جی پدماوتی، جی نائیڈو، ڈاکٹر اے ایس راؤ، میڈیا کمیٹی صدر نشین پرکاش ریڈی، کے کرشنا چاری اور دوسروں نے جشن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر عوام میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ تقریباً 5 سال کے عرصہ کے بعد حیدرآباد کے تلگودیشم ہیڈکوارٹر میں گہما گہمی دیکھی گئی۔ 1