سکندرآباد حلقہ میں مجلس اور کانگریس کی سازش ناکام
حیدرآباد۔/9 جون، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ وہ تلگو ریاستوں کی ترقی کیلئے ہر ممکن مساعی کریں گے۔ مرکزی کابینہ میں دوسری مرتبہ شمولیت کے موقع پر نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی نے انتخابی مہم کے دوران سنکلپ یاترا میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کی آئندہ پانچ برسوں میں تکمیل کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں مرکزی حکومت نے تلنگانہ کی ترقی پر 10 لاکھ کروڑ خرچ کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ ہائی ویز پر نئے پراجکٹس، راشن کارڈ پر چاول کی سربراہی، مواضعات میں صاف پینے کے پانی کی سربراہی اور دیہی علاقوں کی ترقی کے اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں ملک بھر میں 4 کروڑ مکانات تعمیر کئے گئے اور آنے والے دنوں میں غریبوں کیلئے مزید 3 کروڑ مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوگی اور اس سلسلہ میں کارکنوں کو متحرک ہونا چاہیئے۔ انہوں نے سکندرآباد لوک سبھا حلقہ میں ان کی کامیابی کیلئے کام کرنے والے قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ سکندرآباد لوک سبھا حلقہ میں کانگریس کے بھیس میں مجلس نے مقابلہ کیا لیکن عوام نے اس سازش کو ناکام بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی ترقیاتی سرگرمیاں تلنگانہ میں جاری رہیں گی۔1