تلگو اداکار پر پابندی ، پولیس پر عدالت کی برہمی

   

حیدرآباد۔/21اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلگو فلم اداکار شیواجی کے معاملہ میں پولیس رویہ پر ہائی کورٹ نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور شیواجی کے سفر پر عائد احکامات کی وضاحت طلب کرتے ہوئے پولیس کو پابند کیا ہے کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز رہے۔ یاد رہے کہ شیواجی کو بے بنیاد مقدمات میں پھانسنے کی کوشش کی گئی لیکن ایک بھی مقدمہ میں اس جرم ثابت نہ ہوسکا۔ باوجود اس کے شیواجی کے سفر پر پابندیاں عائد کی گئیں۔ ہائی کورٹ نے ایک سماعت کے دوران سائبر آباد پولیس کے رویہ پر برہمی ظاہر کی اور فوری طور پر پابندی کے احکامات کو واپس لینے کی ہدایت دی اور ساتھ ہی کہا کہ پولیس نے عدالت کے احکامات کی بھی پرواہ نہیں کی اور امریکی کونسلیٹ کو ہائی کورٹ کے احکامات سے آخر کیوں واقف نہیں کروایا گیا۔ ہائی کورٹ نے احکامات کو نظرانداز کرنے کے احساس کا اظہار کرتے ہوئے سائبرآباد پولیس سے وضاحت طلب کی اور اس بات کا الٹی میٹم دیا کہ آئندہ دو دنوں میں اگر احکامات پر مکمل انداز سے عمل نہیں کیا جاتا ہے تو پولیس کو کارروائی کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہنا ہوگا۔