تلگو اکیڈیمی کے اثاثہ جات ایک ہفتہ میں آندھراپردیش منتقل کئے جائیں

   

تلنگانہ حکومت کو سپریم کورٹ کی ہدایت ، اثاثہ جات اور رقومات کی تقسیم کا مشورہ
حیدرآباد۔15 ۔ستمبر (سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی ہے کہ تلگو اکیڈیمی کی تقسیم کے سبب آندھراپردیش حکومت کو ادا شدنی بقایہ جات اندرون ایک ہفتہ ادا کردیئے جائیں ۔ جسٹس چندر چوڑ ، جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس بی وی ناگا رتنا پر مشتمل بنچ نے یہ فیصلہ سنایا ۔ آندھراپردیش حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ تلگو اکیڈیمی کی تقسیم کے باوجود تلنگانہ حکومت نے اثاثہ جات منتقل نہیں کئے ہیں۔ تلنگانہ حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اثاثہ جات اور رقم کی منتقلی آئندہ دو ہفتوں میں کی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں عدالت میں دستاویزات پیش کئے جائیں گے۔ سپریم کورٹ نے اثاثہ جات اور رقومات کی منتقلی کے لئے صرف ایک ہفتہ کی مہلت دی ہے۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تحت تمام سرکاری اداروں کی تقسیم کے بعد اثاثہ جات اور رقومات منتقل کرنا دونوں حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ جسٹس چندر چوڑ نے بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم کی اندرون ایک ہفتہ منتقلی کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملازمین اور اثاثہ جات کی تقسیم کے معاملہ میں دونوں حکومتوں کو اتفاق رائے سے کام کرنا چاہئے ۔ سپریم کورٹ نے اثاثہ جات کی تقسیم کے مسئلہ پر سماعت تین ہفتہ بعد مقرر کی ہے ۔ آندھراپردیش حکومت نے تقسیم کے عمل کی نگرانی کیلئے وکلاء کی کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست کی جس کی تلنگانہ حکومت نے مخالفت کی۔ واضح رہے کہ 2014 میں ریاست کی تقسیم کے بعد مرکز نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کرتے ہوئے سرکاری اداروں کی تقسیم کے گائیڈ لائنس کی منظوری دی تھی ۔ R