8 جون کو انا پورنا اسٹوڈیو میں استقبالیہ ،دونوں بچپن کے دوست
حیدرآباد ۔ 28 مئی (سیاست نیوز) اکنینی خاندان کی تیسری نسل شادی کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ آئندہ ماہ 6 جون کو اکنینی اکھل کی شادی طئے پانے کی فلمی حلقوں میں خبریں گشت کررہی ہیں اور 8 جون کو اناپورنا اسٹیوڈیو میں استقبالیہ مقرر ہے۔ واضح رہے کہ ٹالی ووڈ ایکٹریس زینب ریوڈجی (Zainab Ravdjee) اور مشہور تلگو ایکٹر اکھل اکنینی کی منگنی 2024ء میں 26 نومبر کو ہوئی تھی۔ اداکار ناگرجنا نے اپنے سوشیل میڈیا ہینڈل کے ذریعہ اس کی اطلاع دی تھی۔ اس کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔ منگنی کے بعد اس جوڑے کو کئی مرتبہ ایرپورٹ اور ایک ساتھ چھٹیاں گزارتے ہوئے دیکھا گیا ۔ یہ دونوں بچپن کے دوست ہیں اور ایک دوسرے سے محبت بھی کرتے ہیں۔ ان کی محبت کو دونوں خاندان والوں نے قبول کرلیا ہے۔ ساتھ ہی ٹالی ووڈ کے مشہور فلم اسٹار ناگرجنا اور زینب کے والد زلفی راوڈجی بھی اچھے دوست ہیں جس کے سبب یہ شادی کیلئے راہ ہموار ہوئی ہے۔ زینب کے والد زلفی ایک مشہور رئیل اسٹیٹ بزنسمین ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی دبئی، لندن، ہندوستان کے علاوہ مختلف ملکوں میں گزاری ہے جن کا بنجارہ ہلز روڈ نمبر 7 میں ایک خوبصورت مکان بھی ہے۔ ایکٹر اکھل اور فیشن ڈیزائنر شیریہ بھوپال کے درمیان میں منگنی ہوچکی تھی لیکن بعد میں شادی منسوخ کردی گئی جبکہ شیریہ بھوپال نے کسی اور سے شادی کرلی۔ ناگرجنا کے بیٹے اکھل نے 1994ء میں آئی فلم ’’سسندری‘‘ میں چائیلڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے فلم ڈیبیو کیا تھا۔ اس کے بعد 2015ء میں بطور ہیرو کام کیا اور پہلی ہی فلم میں ’’فلم فیئر ایوارڈ‘‘ حاصل کیا لیکن عوام میں اپنی پہچان بنانے میں ناکام رہے۔ 2017ء میں ’’مسٹر مجنوں‘‘، 2019ء میں ’’موسٹ ایلی جیبل بیچلر‘‘ اور 2024ء میں ’’ایجنٹ‘‘ فلموں میں کام کیا مگر ان کی کوئی فلم ہٹ نہیں ہوپائی۔ اب اکھل اکنینی اپنی آنے والی فلم ’’لینن‘‘ کے ذریعہ واپسی کریں گے۔2