تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس نے 370 کی منسوخی کی تائید کی

   

مودی حکومت کا جرأتمندانہ اقدام، راجیہ سبھا میں ارکان کی تقاریر
حیدرآباد۔5 ۔ اگست (سیاست نیوز) راجیہ سبھا میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلگو دیشم نے دستور کی دفعہ 370 کی منسوخی کا خیرمقدم کیا۔ دونوں پارٹیوں کے ارکان نے اپنے خطاب میں حکومت کے فیصلہ کی بھرپور تائید کی اور امید ظاہر کی کہ یہ فیصلہ جموں و کشمیر کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ وائی ایس آر پارٹی کے رکن وجئے سائی ریڈی نے راجیہ سبھا میں کہا کہ ان کی پارٹی فیصلہ کا خیرمقدم کرتی ہے۔ اس طرح کے جرأت مندانہ فیصلہ کے لئے وہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو سلام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کی تلاش کے لئے مرکز نے پیشقدمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ370 کی منسوخی کو چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی کی مکمل تائید حاصل ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایک ملک میں دو دستور کیوں ہونے چاہئے؟ ایک ریاست کیلئے دو قومی پرچم کیوں ہوں ؟ انہوں نے سوال کیا کہ کشمیر کی لڑکی سے شادی کرنے پر ایک پاکستانی کس طرح بھارت کا شہری بن سکتا ہے۔ اسی دوران تلگو دیشم کے رکن کے رویندر کمار نے کشمیر کے خصوصی موقف کی برخواستگی کا خیرمقدم کیا۔ راجیہ سبھا میں خطاب کرتے ہوئے رویندر کمار نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کی خوشحال زندگی کیلئے مرکز کو اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام علاقوں کے عوام کے حقوق یکساں طور پر ہونے چاہئے ۔ گزشتہ 6 دہوں کے دوران کشمیری عوام کی امیدوں اور آرزوؤں پر پانی پھرچکا ہے۔ تاہم مرکزی حکومت کے تازہ ترین فیصلہ سے ترقی کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی تقسیم سے متعلق بل کی پیشکشی پر وزیر داخلہ امیت شاہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس بل کی تلگو دیشم مکمل تائید کرتی ہے۔