تلگو دیشم جی ایچ ایم سی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی

   

کانگریس سے اتحاد صرف اسمبلی انتخابات تک محدود تھا : ایل رمنا
حیدرآباد :۔ تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی ۔ کانگریس سے اتحاد صرف اسمبلی انتخابات تک محدود تھا ۔ تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے صدر ایل رمنا نے کہا کہ جن ڈیویژنس میں تلگو دیشم پارٹی کا موقف طاقتور ہے پارٹی وہاں مقابلہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں عوام سے ووٹ مانگنے کا صرف تلگو دیشم پارٹی کو حق حاصل ہے ۔ ایل رمنا نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی جی ایچ ایم سی انتخابات کے علاوہ گریجویٹ حلقہ کونسل انتخابات میں بھی مقابلہ کرے گی ۔ جی ایچ ایم سی انتخابات کے لیے تلگو دیشم نے بہت پہلے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور تلگو دیشم پارٹی طاقتور امیدواروں کو مقابلہ میں اتارے گی ۔ مقابلہ کے لیے بھی پارٹی قائدین و کارکنوں میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو نے زوم کانفرنس کے ذریعہ دو مرتبہ پارٹی کے سینئیر قائدین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مفید مشورے دئیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کے دور حکومت میں ہی حیدرآباد کی عالمی شناخت بنی ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے سائبر آباد بسایا ہے ۔ تلگو دیشم کے دور حکومت میں ہی انٹرنیشنل ایرپورٹ قائم ہوا ۔ آوٹر رنگ روڈ تعمیر کی گئی ۔ بڑے بڑے عالمی ادارے تلگو دیشم کے دور حکومت میں قائم ہوئے ۔ ایل رمنا نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں تلگو دیشم پارٹی کا طاقتور موقف ہے لہذا پارٹی کسی اور پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی ۔ جن ڈیویژنس پر طاقتور موقف ہے وہاں تنہا مقابلہ کرے گی ۔۔