تلگو دیشم رکن اسمبلی ومشی پارٹی اور عہدہ سے مستعفیٰ

   

امراوتی ۔ 27 ۔ ا کتوبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش میں اپوزیشن تلگو دیشم پارٹی کے ایک رکن اسمبلی ولبھ نینی ومشی نے اتوار کو اپنی پارٹی اور عہدہ سے یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دے دیا کہ وہ اپنے کیڈر کے تحفظ کے لئے یہ قدم اٹھا رہے ہیں۔ تلگو دیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابو نائیڈو کے نام اپنے مکتوب میں انہوں نے کہا کہ ’’مجھے ایک رکن اسمبلی کی حیثیت سے دی گئی قابل ستائش اور بے مثال عوامی خدمات پر اطمینان ہے‘‘۔ ومشی جو ضلع کرشنا کے حلقہ گنا ورم سے تیسری میعاد کیلئے اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے تھے ، دو دن قبل چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات کی جس کے بعد ان کی آئندہ سیاسی چال کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔ ومشی تلگو دیشم کے 23 ارکان اسمبلی میںایک تھے ۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ اب پھر سے رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد مجھے ، میرے ساتھیوں اور حامیوں کو وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے مقامی انچارج کے انتقامی رویہ اور چند سرکاری ملازمین کی جانبداری کے سبب بیشمار پریشانیوں کا سامنا تھا ۔