رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا تاثر
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ انتخابات میں تلگو دیشم پارٹی سے مفاہمت کے سبب کانگریس کو نقصان پہنچا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس نے 16 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کیا تھا لیکن نظام آباد سے چیف منسٹر کی دختر کویتا کو شکست ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اقتدار کے نشہ میں لوک سبھا انتخابات میں بہتر مظاہرہ کا خواب دیکھ رہی تھی ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے سی آر تلنگانہ عوام کو وعدوں کی تکمیل کے سلسلہ میں دھوکہ دے رہے ہیں۔ پہلی میعاد کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام کے سی آر دوسری میعاد میں بھی عوام کو نظر انداز کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست کے قیام کے وقت مالیاتی طور پر مستحک تلنگانہ کو مقروض ریاست میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ ریاست کے عوام حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہوچکے ہیں اور مجوزہ میونسپل انتخابات میں کانگریس پارٹی شاندار مظاہرہ کرے گی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے خاتمہ کا خواب دیکھنے والوں کے لئے میونسپل انتخابات کے نتائج حیران کن ثابت ہوں گے۔ وینکٹ ریڈی نے بی جے پی اور ٹی آر ایس پر باہم گٹھ جوڑ کا الزام عائد کیا ۔