تلگو دیشم مہاناڈو کا آغاز، آن لائین پر 10,000 سے زائد مندوبین کی شرکت

   

جگن حکومت انتقامی کارروائیوں میں مصروف، کورونا سے نمٹنے میں ناکامی، چندرا بابو نائیڈو کا الزام
حیدرآباد: تلگو دیشم پارٹی کے مہاناڈو کا آج آندھراپردیش کے امراوتی میں آغاز ہوا۔ صدر تلگو دیشم و سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مہا ناڈو کا افتتاح کیا ۔ کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے پیش نظر اس سال بھی مہا ناڈو ڈیجیٹل اور آن لائین منعقد کیا جارہا ہے ۔ مہا ناڈو تقاریب دو دن تک جاری رہیں گی ۔ تلگو دیشم کے بانی آنجہانی این ٹی راما راؤ کے یوم پیدائش کے موقع پر ہر سال مہا ناڈو کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ این چندرا بابو نائیڈو اور دیگر قائدین نے این ٹی راما راؤ اور تلگو تلی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ حالیہ عرصہ میں انتقال ہونے والے قائدین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ ڈیجیٹل مہاناڈو میں آن لائین سسٹم سے 9 تا 10 ہزار مندوبین حصہ لے رہے ہیں۔ پارٹی نے بڑے پیمانہ پر آن لائین سسٹم کی اجازت حاصل کرلی ہے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علاوہ بعض بیرونی ممالک سے بھی مندوبین آن لائین مہا ناڈو میں شریک ہیں۔ پارٹی کی سیاسی قرارداد پولیٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی پیش کریں گے ۔ مہاناڈو کا افتتاح کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے الزام عائد کیا کہ جگن موہن ریڈی حکومت تلگو دیشم کو کمزور کرنے کیلئے قائدین پر جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ، بھلے ہی ان کا تعلق برسر اقتدار پارٹی سے کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال اور عوام کی زندگی کے تحفظ میں جگن حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ سرکاری دواخانوں میں آکسیجن اور ادویات کی کمی سے اموات واقع ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپوزیشن کی تجاویز کو نظر انداز کردیا ہے ۔ سوشیل میڈیا پر حکومت کے خلاف اظہار خیال کرنے والوں کو مقدمات کے تحت جیل بھیجا جارہا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے الزام عائد کیا کہ جگن موہن ریڈی عوام کی بھلائی سے زیادہ اپنی شخصی تشہیر میں مصروف ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں اور عوام کے حق میں جدوجہد کیلئے تلگو دیشم کی تائید کریں۔