تلگو دیشم پارٹی کی کانگریس کو مکمل تائید ،تلگو دیشم کا اجلاس ، آر گنیش گپتا کا خطاب

   

شمس آباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) شمس آباد میں تلگو دیشم پارٹی کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں آر گنیش گپتا تلگو دیشم آرگنائزنگ سیکریٹری نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں تلگو دیشم پارٹی ، کانگریس امیدوار کنڈہ وشویشور ریڈی کی مکمل تائید کرے گی اور راجندر نگر حلقہ سے 50 ہزار سے زائد ووٹ جو تلگو دیشم کے ہیں، وہ سبھی کانگریس کے حق میں ڈالے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کارکن کو ایک سپاہی کی طرح کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ٹی آر ایس جو عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے ووٹ حاصل کررہی ہے، بعد انتخابات وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہورہی ہے۔ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے ووٹ بٹورنا ٹی آر ایس پارٹی کی عادت بن چکی ہے۔ متحدہ ریاست میں چندرا بابو نائیڈو کی قیادت میں ہی ریاست کی ترقی ہوئی تھی اور عدم تکمیل شدہ کاموں کو بھیس بدل کر ٹی آر ایس پورا سہرا اپنے نام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ عوام بھی اب ٹی آر ایس کے جھوٹے وعدوں میں نہیں آئیں گے جس کی مثال حالیہ ایم ایل سی انتخابات کے نتائج ہیں۔ جس میں تینوں پر ٹی آر ایس کی شرمناک شکست ہوئی۔ اس موقع پر کمار یادو منڈل صدر، محمد جہانگیر خاں سابق ایم ایل ٹی سی ممبر ، گیانیشور یادو، داس، طاہر حسین، حفیظ الدین، محمد جاوید، اجئے، سریکانت، نعیم کے علاوہ پارٹی کے دیگر اراکین موجود تھے۔