تلگو دیشم کے رکن اسمبلی ایس وینکٹ ویریا کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی قیاس آرائیاں

   

قومی صدر تلگو دیشم چندرا بابو اور ایم ناگیشور راؤ کے تردیدی بیانات بے فیض ثابت
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں ضلع کھمم کے حلقہ اسمبلی ستو پلی سے منتخب تلگو دیشم رکن اسمبلی مسٹر ایس وینکٹ ویریا توقع ہے کہ بہت جلد تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہوجائیں گے ۔ جب کہ انتخابی نتائج کے صرف چند دن بعد ہی ان کی تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کرلینے کی پیش قیاسیاں کی جانے کے دوران مسٹر ایس وینکٹ ویریا نے ان تمام پیش قیاسیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہیں ۔ علاوہ ازیں مسٹر ایس وینکٹ ویریا کے ساتھ ہی حلقہ اسمبلی آشوا راؤ پیٹ سے نو منتخبہ رکن اسمبلی تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایم ناگیشور راؤ نے بھی ان کے تعلق سے عام ہوئی اطلاعات کی پر زور تردید کی اور قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کر کے اس بات کا ادعا کیا کہ وہ کسی بھی صورت میں تلگو دیشم پارٹی کو چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا کیوں کہ تلگو دیشم پارٹی نے ہی انہیں سیاسی زندگی عطا کی ہے ۔ جس کی روشنی میں وہ تنہا سہی تلگو دیشم پارٹی سے ہی وابستہ رہنے کا اظہار کیا تھا ۔ لیکن بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے بعض اہم قائدین کی جانب سے دئیے گئے بعض اہم تیقنات و ترغیبات کے علاوہ پیشکشوں سے پھر ایکبار یہ اطلاعات پائی جارہی ہیں کہ مسٹر ایم ناگیشور راؤ رکن اسمبلی تلگو دیشم پارٹی حلقہ اسمبلی آشوا راؤ پیٹ تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کرلینے کا ذہن بنالیا ہے کیوں کہ ریاست میں تلگو دیشم پارٹی کے صرف دو ارکان اسمبلی ہی انتخابات میں کامیاب ہوسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر ایس وینکٹ ویریا جو گذشتہ دو تین یوم سے حیدرآباد میں ہی قیام کئے ہوئے ہیں اور ان کے قیام حیدرآباد کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے بعض اہم قائدین نے مسٹر ایس وینکٹ ویریا سے ربط پیدا کر کے بات چیت کے ذریعہ انہیں کسی بھی صورت میں ٹی آر ایس میں شامل ہونے پر مجبور کرنے کے اقدامات تقریبا مکمل کرچکے ہیں اور اب یہ بات یقینی دکھائی دے رہی ہے کہ مسٹر ایس وینکٹ ویریا جاریہ ماہ 17 جنوری سے شروع ہونے والے تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی کے مجوزہ اسمبلی سیشن کے موقعہ پر اپنا حلف لینے کے بعد یا اسمبلی اجلاس سے قبل ہی صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کر کے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ اہم قائدین میں مسرس ٹی ناگیشور راؤ ، ای دیاکر راؤ ، پی راجیشور ریڈی و دیگر قائدین شامل ہیں ۔۔