گرفتاری پر چندرابابو نائیڈو کا احتجاج
حیدرآباد۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے سابق وزیر و تلگو دیشم کے سینئر قائد ڈی اوما مہیشور راؤ کو عدالت نے ضمانت منظور کردی ہے۔ اقدام قتل اور ایس سی ، ایس ٹی مظالم ایکٹ کے تحت اوما مہیشور راؤ پر مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ آندھراپردیش ہائی کورٹ نے آج درخواست کی سماعت کے بعد ضمانت کو منظوری دے دی ۔ سابق وزیر گزشتہ ایک ہفتہ سے جیل میں ہیں ۔ غیر قانونی کانکنی کے خلاف احتجاج کے دوران وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے حامیوں نے ان پر حملہ کردیا تھا۔ سابق وزیر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حملہ کے باوجود پولیس نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے مہیشور راؤ کو گرفتار کیا۔ اسی دوران قومی صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو نے سابق وزیر کی گرفتاری کی مذمت کی۔ سابق وزیر کے انتخابی حلقہ میں ان کے حامیوں کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا۔