حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم کے یوم تاسیس تقریب میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے شرکت کی اور تلگو دیشم کے ارکان پارلیمنٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا ۔ یہ خبر پڑھ کر قارئین کو تعجب ہوا ہوگا یہ کیسے ممکن ہے ۔ دراصل بات یہ ہے کہ تلگو دیشم کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں موجود آنجہانی این ٹی آر کے مجسمہ کی گلپوشی کرتے ہوئے تلگو دیشم کی 41 ویں یوم تاسیس تقریب کا اہتمام کیا ۔ تلگو دیشم کے ارکان پارلیمنٹ گلاجئے دیو ، کے نانی اور کے رویندر نے کیک کٹ کرتے ہوئے دوسری جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ کو پیش کیا ۔ اسی وقت بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا وہاں پہونچ گئے اور تلگو دیشم کے ارکان پارلیمنٹ کو مبارکباد پیش کی ۔ تلگو دیشم کے رکن پارلیمنٹ کے رویندر ریڈی نے واجپائی اور این ڈی اے کے دور حکومت میں بی جے پی اور تلگو دیشم کے اتحاد کو یاد دلایا جس پر جے پی نڈا نے کہا کہ وہ اس سے پوری طرح واقف ہے ۔ حال ہی میں انڈومان نکوبار کے ( پورٹ بلیر ) مئیر انتخابات میں تلگو دیشم اور بی جے پی کے اتحاد پر بھی جے پی نڈا نے ٹوئیٹ کیا تھا ۔ ساتھ ہی اپنے امیدوار کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے دوسرا ٹوئیٹ کیا تھا ۔۔ ن