سرکاری اعزازات کے ساتھ سپرد آتش کیا جائے گا، پہلا اردو قومی چینل شروع کرنے کا اعزاز
صدر جمہوریہ ، وزیراعظم ، سونیا گاندھی ، راہول گاندھی ، ریونت ریڈی ، چندرا بابو نائیڈو ، عامر علی خاں کا اظہار تعزیت
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ایناڈو گروپ کے چیرمین رامو جی راؤ 88 سال کی عمر میں چل بسے ۔ تلنگانہ حکومت نے سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسوم انجام دینے کا اعلان کیا ۔ اردو قومی چینل شروع کرنے کا راموجی راؤ کو اعزاز حاصل رہا ۔ صدر جمہوریہ ، وزیراعظم ، سونیا گاندھی ، راہول گاندھی ، چیف منسٹر ریونت ریڈی ، این چندرا بابو نائیڈو ، نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کے علاوہ مختلف سیاسی قائدین ، فلمی شخصیتوں ، صنعتکاروں اور صحافیوں نے آنجہانی کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا ۔ راموجی راؤ کو ناسازی صحت کے باعث ایک ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا تھا جہاں علاج کے دوران انہوں نے ہفتہ کی صبح 4-50 بجے آخری سانس لی ۔ ان کی نعش فلم سٹی میں واقع ان کی رہائش گاہ میں رکھی گئی ۔ راموجی راؤ 16 نومبر 1936 کو آندھرا پردیش ضلع کرشنا میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے تلگو روزنامہ ایناڈو شروع کرکے صحافت میں نیا انقلاب برپا کردیا ۔ رامو جی راؤ کی اردو خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ انہوں نے دیگر علاقائی زبانوں کے ساتھ اردو نیوز چینل بھی شروع کیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سی ڈبلیو سی اجلاس کیلئے دہلی میں ہیں ۔ انہوں نے رامو جی راؤ کے دیہانت پر افسوس کا اظہار کیا اور چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ رامو جی راؤ کی آخری رسومات سرکاری اعزازات کے ساتھ ادا کریں ۔ خاندانی ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اتوار کو ان کی آخری رسومات فلم سٹی کے احاطے میں ادا کی جائیں گی ۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو ، وزیراعظم نریندر مودی ، کانگریس قائدین سونیا اور راہول گاندھی ، مرکزی وزراء تلگو دیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو ، سابق چیف منسٹر جگن موہن ریڈی بی آر ایس سربراہ کے سی آر ‘ بی جے پی قائدین اڈوانی ، چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی ، سابق نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو ، ٹاملناڈو کے چیف منسٹر اسٹالن ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ، چیف منسٹر کیرالا پی وجئین ، ڈپٹی چیف تلنگانہ منسٹر بٹی وکرامارک ، وزراء کے علاوہ فلمی شخصیتوں میں رجنی کانت ، چرنجیوی ، بالا کرشنا ، جونیر این ٹی آر ، مہیش بابو ، روی تیجہ ، الوارجن ، ڈائرکٹر راج مولی ، راجندر پرساد ، نریش ، مرلی موہن ، موہن بابو ، شیواجی ، کمل ہاسن ، ناگرجنا ، نانی وغیرہ نے رامو جی راؤ کی موت پر صدمہ کا اظہار کیا اور ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے راموجی راؤ کے دیہانت پر صدمہ کا اظہار کیا اور کہا کہ راموجی راؤ ایک شخصیت نہیں بلکہ انجمن کا نام تھا ۔ راموجی راؤ نے صحافت ، فلم انڈسٹری ، فینانس کے و دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔ بالخصوص انہیں اردو قومی نیوز چینل شروع کرنے کا اعزاز حاصل رہا ۔ اردو کے فروغ کیلئے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ رامو جی راؤ نے ایناڈو اردو چینل شروع کرنے سے قبل ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے مشاورت کی تھی ۔ جناب عامر علی خاں نے راموجی فلم سٹی پہونچکر راموجی راؤ کو پور خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے فرزند کرن اور بہو شلیجہ کرن کو پرسہ دیا ۔2