تلگو ریاستوں میں آبی تنازعہ کے حل کیلئے اگست میں اجلاس

   

Ferty9 Clinic

مرکز کے احکامات پر مباحث کا امکان، تلنگانہ نے پانی کی مساوی تقسیم کی سفارش کی
حیدرآباد۔30 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں کے درمیان آبی تنازعہ کی یکسوئی کیلئے کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ نے اگست کے دوسرے ہفتہ میں اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکز نے تمام آبپاشی پراجکٹس کو کرشنا اور گوداوری ریور مینجمنٹ بورڈس کے تحت کرنے کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ۔ تلنگانہ کی جانب سے نوٹیفکیشن کی مخالفت کی جارہی ہے ۔ دونوں ریاستیں ایک دوسرے کے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر پر اعتراضات پیش کرچکی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مجوزہ اجلاس میں دونوں ریاستوں کے وفود 2021 ء میں پانی کی تقسیم پر غور کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں ایک دوسرے کے اعتراضات اور برقی کی تیاری کا جائزہ لیا جائے گا ۔ نیشنل گرین ٹریبونل نے حال ہی میں کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کو رائلسیما لفٹ اریگیشن کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ 9 اگست تک ٹریبونل میں رپورٹ پیش کرنا ہے ۔ تلنگانہ کی جانب سے بورڈ کے عہدیداروں کو ہیلی کاپٹر کی فراہمی کا پیشکش کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مجوزہ اجلاس میں مرکزی حکومت کا نوٹیفکیشن بحث کا اہم موضوع رہے گا۔ کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کے نئے صدرنشین ایم پی سنگھ نے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ریاستیں پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر مشاورت کے ذریعہ کسی نتیجہ پر پہنچیں گی۔ اسی دوران تلنگانہ حکومت نے دونوں ریاستوں میں کرشنا کے پانی کی 50 فیصد کے تناسب کی تقسیم کا مشورہ دیا ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے ٹریبونل کو مکتوب روانہ کیا گیا ۔