حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) فلم اسٹار جونیر این ٹی آر نے بارش سے متاثرہ تلگو ریاستوں کی عوام کی امداد کیلئے ایک کروڑ روپئے عطیہ کا اعلان کیا۔ جونیر این ٹی آر نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے عطیہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ریاستوں کو فی کس 50 لاکھ روپئے کی امداد دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارش کے نتیجہ میں دونوں تلگو ریاستوں میں بھاری نقصانات سے انہیں دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام کو جلد ہی موجودہ صورتحال سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ عوام کی مدد اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے وہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے چیف منسٹرس ریلیف فنڈ میں فی کس50 لاکھ روپئے کے عطیہ کا اعلان کرتے ہیں۔ اسی دوران تلگو فلم انڈسٹری کی دیگر شخصیتوں نے بھی متاثرین کی امداد کیلئے عطیات کا اعلان کیا ہے۔ فلم اسٹار جے سدھو نے 30 لاکھ روپئے کے عطیہ کا اعلان کیا۔تلگو فلم انڈسٹری کی اہم شخصیت الوری وینکی نے 10 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا۔ فلمی شخصیتوں کی تنظیموں نے بھی فراخدلانہ امداد کی اپیل کی ہے۔1