اچھی مہورت پر شادی خانوں اور کنونشن سنٹرس کی بکنگ میں تیزی سے اضافہ
حیدرآباد۔15فروری(سیاست نیوز) تلگو ریاستو ںمیں 18 فروری سے غیر مسلم شادیوں کا موسم شروع ہونے جارہاہے جو کہ گذشتہ 3ماہ سے مکمل طور پر رکی ہوئی تھیں۔ آئندہ 4ماہ کے دوران شادیوں اور تقاریب سے جڑی صنعت کے کاروبار میں زبردست اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ ان شادیوں کا سلسلہ آئندہ 3ماہ تک مسلسل رہنے کا امکان ہے۔ان شادیوں کے دوران ہزاروں کروڑ کے کاروبار کی توقع کی جار ہی ہے کیونکہ شادیوں کے دوران محض کیٹرنگ ‘ شادی خانہ ‘ زیورات یا کپڑوں کی خریدی نہیں ہوتی بلکہ دیگر اخراجات بھی کافی زیادہ ہوتے ہیں۔بتایاجاتاہے کہ 26نومبر سے دونوں ریاستوں آندھراپردیش اور تلنگانہ میں غیر مسلموں کے مہورت نہ ہونے کے سبب مسلسل تین ماہ کے دوران شادیوں کا اہتمام نہیں کیاگیا اور اب 18 فروری کے بعد سے مسلسل تین ماہ کے دوران موجود مہورت اور اچھے دنوں کے پیش نظر شادیوں کا موسم جاری رہنے کا امکان ہے۔شادی خانوں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ 18 فروری کے بعد سے شروع ہونے والے ان ایام کے دوران شادی خانوں میں بکنگ کافی تیز ہے اور ایک دن میں 2 شادیاں بھی کی جائیں گی۔ صبح اور شام دونوں اوقات میں شادیوں کا اہتمام کیا جا رہاہے ۔شادیوں کے موسم کے دوران شدید گرما کے ہونے والی شادیوں کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ بیشتر ائیر کنڈیشن فنکشن ہالس کے علاوہ کنونشن کو ترجیح دی جانے لگی ہے لیکن ا اس کے ساتھ ساتھ شہر حیدرآباد کے اطراف واکناف کے ریسارٹس میں بھی شادیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ شادیوں کے مہورت کے سلسلہ میں تفصیلات بتانے والے پنڈتوں کے مطابق آئندہ ماہ مارچ کے دوران سب سے زیادہ اچھے دن ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں شادیوں کا اہتمام کیا جائے گا اسی طرح جاریہ ماہ کے اواخر میں اچھے دنوں کے علاوہ اپریل اور مئی کے دوران بھی کافی دن ہیں جن پر بڑی تعداد میں شادیوں کا اہتمام کیا جانے والا ہے۔اس طرح دونوں تلگو ریاستوں میں غیر مسلموں کے یہ شادیوں کا موسم رہے گا۔3