حیدرآباد۔/15ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی پیر 16 ستمبر کو تلگو ریاستوں کیلئے دو نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کا افتتاح کریں گے۔ ناگپور تا سکندرآباد اور درگ تا وشاکھاپٹنم وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو وزیر اعظم جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ احمد آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعہ وزیر اعظم دونوں ٹرینوں کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم اس دن ملک میں جملہ 7 وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کا افتتاح کریں گے جن میں تلگو ریاستوں کی دو ٹرینیں شامل ہیں۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر تقریب منعقد ہوگی جس میں گورنر جشنو دیو ورما، چیف منسٹر ریونت ریڈی، مرکزی وزیر کوئلہ وکانکنی جی کشن ریڈی، مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار اور دوسرے شرکت کریں گے۔ ناگپور تا سکندرآباد وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کی خدمات کا 19 ستمبر سے آغاز ہوگا۔ یہ ٹرین 585 کلو میٹر کا فاصلہ 7 گھنٹے 15 منٹ میں طئے کرے گی۔ مہاراشٹرا اور تلنگانہ کے درمیان رابطہ میں اضافہ ہوگا۔ ٹرین میں ایگزیکیٹو کلاس کے دو کوچس اور چیرکار کے 18 کوچس رہیں گے اور مجموعی طور پر مسافرین کی گنجائش 1440 نشستوں کی رہے گی۔ ناگپور۔ بلہار شاہ اور دیگر شہروں سے گذرتے ہوئے ٹرین سکندرآباد پہنچے گی۔ یہ ٹرین ناگپور سے صبح 5 بجے روانہ ہوگی اور دوپہر 12:15 بجے سکندرآباد پہنچے گی۔ سکندرآباد سے دوپہر ایک بجے روانہ ہوگی اور رات 8:20 بجے ناگپور پہنچے گی۔ یہ ٹرین سیوا گرام، چندرا پور، بلہار شاہ، راما گنڈم اور قاضی پیٹ ریلوے اسٹیشنوں پر اپنے دونوں سفر کے دوران توقف کرے گی۔ درگ تا وشاکھاپٹنم ٹرین 8 گھنٹوں میں مسافت پوری کرے گی۔ ٹرین میں 16 کوچس رہیں گے۔1