حیدرآباد۔ نائب صدر نشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دونوں تلگو ریاستوں میں اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جموں کشمیر میں حلقوں کی حد بندی کے ذریعہ نشستوں کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے اسی طرح دونوں ریاستوں کی نشستوں میں اضافہ کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون 2014 کے تحت تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں اسمبلی نشستوں کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کی نشستوں کو 119 سے بڑھا کر 153 کرنے کا مطالبہ کیا۔ دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس نے اس سلسلہ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے نمائندگی کی جس پر مرکز نے کہا تھا کہ 2026 تک یہ ممکن نہیں ہے کیونکہ دستور میں ترمیمات کی ضرورت ہے۔ ونود کمار نے حیرت کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت کن ترمیمات کے تحت جموں کشمیر کی اسمبلی نشستوں میں اضافہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ملک ایک قانون کا نعرہ لگاتی ہے لیکن کشمیر اور ملک کے دیگر علاقوں کیلئے علحدہ قوانین ہیں۔