مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ونود کمار کا مطالبہ
حیدرآباد۔/24اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے مرکز سے مطالبہ کیا ہے کہ جموں کشمیر کی طرح تلگو ریاستوں کی اسمبلی نشستوں میں اضافہ کیا جائے۔ نائب صدر نشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ کشمیر کے موقع پر اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ سے متعلق اعلان کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے انتخابات سے قبل حلقوں کی از سر نو حد بندی اور موجودہ تعداد میں اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ جموں کشمیر کی طرح تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں اسمبلی حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کی جائے اور موجودہ نشستوں میں اضافہ کیا جائے۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تحت دونوں ریاستوں میں اسمبلی نشستوں کی تعداد میں اضافہ کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملک ایک قانون کے نعرہ کے تحت تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں جموں کشمیر کی طرح نشستوں میں اضافہ ہونا چاہیئے۔ دونوں ریاستیں طویل عرصہ سے نشستوں میں اضافہ کی مانگ کررہی ہیں لیکن مرکز نے آئندہ انتخابات تک اسے ناممکن قرار دیا ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس مسئلہ پر وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ سے نمائندگی کی ہے۔ ملک کی تمام ریاستوں کے ساتھ مرکز کا یکساں رویہ ہونا چاہیئے۔ر
