تلگو ریاستوں کے آبپاشی پراجکٹس پر تنازعہ کو حل کرنے مرکز کی مداخلت

,

   

مرکزی سکریٹری کی ویڈیو کانفرنس، سومیش کمار نے بورڈز کے قیام کی مخالفت کی

حیدرآباد۔/28 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے آبپاشی پراجکٹس کو کرشنا اور گوداوری ریور مینجمنٹ بورڈز کے تحت کرنے سے متعلق اُمور پر مرکزی وزارت جل شکتی کے سکریٹری پنکج کمار نے آج دونوں ریاستوں کے چیف سکریٹریز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ مرکزی حکومت نے 15 جولائی 2021 کو نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے آبپاشی پراجکٹس کا انتظام متعلقہ ریور مینجمنٹ بورڈز کے تحت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 6 اکٹوبر 2020 کو اپیکس کونسل کے اجلاس کے فیصلوں کے مطابق مرکزی وزیر جل شکتی نے چیف منسٹر تلنگانہ سے درخواست کی کہ اس معاملہ میں سپریم کورٹ میں دائر کردہ مقدمہ سے دستبرداری اختیار کی جائے۔ جس کے بعد تلنگانہ حکومت نے مقدمہ واپس لے لیا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے مرکزی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ آبپاشی پراجکٹس کے مسئلہ پر فوری کارروائی کرے۔ مرکزی سکریٹری نے بتایا کہ اس معاملہ کو وزارت قانون سے رجوع کیا گیا ہے اور لاء ڈپارٹمنٹ کی رائے ملتے ہی کارروائی کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت پراجکٹس کو ٹریبونل کے حوالے کرنے کے حق میں ہے۔ مرکزی سکریٹری نے کہاکہ قانونی رائے ملتے ہی یہ معاملہ ٹریبونل سے رجوع کردیا جائے گا۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت نے 6 پراجکٹس کے بارے میں تفصیلی رپورٹ داخل کردی ہے جن میں سیتا رام لفٹ اریگیشن اسکیم، سمکا ساگر پراجکٹ، مکتیشور لفٹ اریگیشن اسکیم، چوٹ پلی ہنمنت ریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم، مڈی کنٹیا واگو پراجکٹ اور چناکا پوراٹا بیریج شامل ہیں۔ سنٹرل واٹر کمیشن سے پراجکٹس کی منظوری باقی ہے۔ سکریٹری جل شکتی نے زیر التواء پراجکٹس کی عاجلانہ منظوری کا تیقن دیا۔ سومیش کمار نے مزید 5 پراجکٹس کی تفصیلات پیش کی جنہیں گزٹ نوٹیفکیشن میں شامل کردیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں گوداوری پر موجود پراجکٹس کے بارے میں کوئی تنازعہ نہیں ہے لہذا گوداوری ریور مینجمنٹ بورڈ کی کوئی ضرورت نہیں۔ مرکزی سکریٹری نے تلنگانہ کی جانب سے پیش کردہ اُمور کا جائزہ لینے اور آندھرا پردیش کی جانب سے دریائے کرشنا پر تعمیر کئے جانے والے غیرقانونی پراجکٹس پر کارروائی کا تیقن دیا۔ ویڈیو کانفرنس میں حکومت ہند کے ایڈیشنل سکریٹری ڈی مکرجی، جوائنٹ سکریٹری سنجے اوستھی کے علاوہ تلنگانہ کے اسپیشل چیف سکریٹری رجت کمار، سی مرلیدھر اور چیف منسٹر کے او ایس ڈی برائے آبپاشی ڈاکٹر سریدھر دیشپانڈے نے شرکت کی۔ر

فلم چیمبر آف کامرس کے وفد کی چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات
حیدرآباد۔/28 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) فلم چیمبر آف کامرس کے ارکان نے آج چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات کی۔ انہوں نے فلم انڈسٹری کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور حکومت سے اظہار تشکر کیا۔ چیمبر آف کامرس کے ارکان نے کہا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں کے نتیجہ میں تھیٹرس 80 فیصد سے زائد نشستوں کی گنجائش کے ساتھ ریاست بھر میں کام کررہے ہیں۔ ر