تلگو ریاستوں کے وزراء کیلئے گورنر بنڈارو دتاتریہ کا استقبالیہ

   

کشن ریڈی، رام موہن نائیڈو اور سرینواس ورما کی شرکت
حیدرآباد 27 جون (سیاست نیوز) گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ نے مرکز کی نریندر مودی کابینہ میں شامل کئے گئے تلگو ریاستوں کے وزراء جی کشن ریڈی، کے رام موہن نائیڈو اور بھوپتی راجو سرینواس ورما کو ڈنر پر مدعو کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ نئی دہلی کے ہریانہ بھون میں استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مرکزی کابینہ میں شامل کئے گئے وزراء میں کشن ریڈی کا تعلق تلنگانہ اور بھوپتی راجو سرینواس ورما کا تعلق آندھراپردیش سے ہے اور یہ دونوں بی جے پی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے۔ تلگودیشم سے تعلق رکھنے والے کے رام موہن نائیڈو مرکزی کابینہ میں شہری ہوا بازی کے وزیر ہیں۔ بنڈارو دتاتریہ نے تینوں وزراء کو تہنیت پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے مسائل کی یکسوئی کے لئے مرکزی وزراء کی حیثیت سے اہم رول ادا کریں گے۔ بنڈارو دتاتریہ نے مرکزی وزراء کو مشورہ دیا کہ تلگو ریاستوں کی ترقی اور عوام کی بھلائی کے حق میں مرکزی اسکیمات میں ریاستوں کی زائد حصہ داری کو یقینی بنائیں۔ بنڈارو دتاتریہ نے کل وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے نئے ریاستی صدر کے انتخاب کے لئے نئی دہلی میں جاری سرگرمیوں کے دوران بنڈارو دتاتریہ کی موجودگی اہمیت کی حامل ہے۔ 1