تلگو ریاستوں کے کئی سرکردہ قائدین ای ڈی و سی بی آئی سے خوف کا شکار

   

گرفتاریوں کے اندیشے ۔ وائی ایس آر کانگریس ‘ تلگودیشم اور بی آر ایس کے کئی قائدین راڈار پر

حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں کے کئی سرکردہ سیاسی قائدین کی گرفتاری کا خوف ستانے لگا ہے اور وہ سیاسی مستقبل کے متعلق فکرمند ہونے لگے ہیں۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ علاوہ سی بی آئی کی کاروائیوں نے نہ صرف تلگو دیشم بلکہ آندھراپردیش میں برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس اور تلنگانہ میں برسر اقتدار بھارت راشٹر سمیتی قائدین کیلئے مشکل حالات پیدا کر رکھے ہیں۔ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے بھائی وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل میں وائی ایس آر سی پی رکن پارلیمنٹ اویناش ریڈی کی گرفتاری کو سی بی آئی کی جانب سے ناگزیر قرار دیئے جانے سے پریشان وائی ایس آر قائدین مرکز میں حکمران بی جے پی سے قربت اختیار کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں جبکہ ای ڈی کی جانب سے دہلی شراب اسکام میں چیف منسٹر تلنگانہ کی دختر و رکن قانون ساز کونسل کے کویتا سے پوچھ تاچھ کے دور اور بی جے پی کی جانب سے گرفتاری کے دعوؤں کے دوران یہ کہاجا رہاہے کہ نئی چارج شیٹ میں کویتا کے شوہر انیل کے علاوہ جن تجارتی اداروں کے مالکین کا نام آیا ہے اسے نظر میں رکھتے ہوئے یہ دعوے کئے جا رہے ہیں کہ دہلی شراب اسکام اب تلنگانہ کے رئیل اسٹیٹ اسکام کی سمت رخ کرنے لگا ہے ۔ بی جے پی قائدین چیف منسٹر کی دختر اور ان کے فرزند و ریاستی وزیر کے ٹی آر پر الزامات عائد کررہے ہیں کہ وہ رئیل اسٹیٹ اسکام میں ملوث ہیں اور اس اسکام میں ان کی گرفتاری بھی ممکن ہے اسی طرح کانگریس کی جانب سے آؤٹر رنگ روڈ کے ٹھیکہ کے مسئلہ پر دعویٰ کیا جا رہاہے کہ آؤٹر رنگ روڈ کا ٹھیکہ معاملہ میں وزیر بلدی نظم ونسق ملوث ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے پڑوسی آندھراپردیش میں امراوتی اراضی اسکام میں ہائی کورٹ حکم التواء کو برخواست کئے جانے کے بعد وائی ایس آر سی پی قائدین یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ اس معاملہ میں سابق چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کو اور آندھراپردیش آئی ٹی اسکام میں ان کے فرزند نارا لوکیش نائیڈو کی گرفتاری ممکن ہے۔ جن جماعتوں کے سرکردہ قائدین کی گرفتاری کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں ان سیاسی جماعتوں کے دیگر قائدین اپنے سیاسی مستقبل کے متعلق فکر مند ہیں اور وہ کسی طرح سے اپنے موقف اور سیاسی مستقبل کے تحفظ کیلئے کوشش میں مصروف ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ وائی ایس آر سی پی قائدین اور حکومت آندھراپردیش وائی ایس ویکانند قتل معاملہ میں خود کو بچانے کی کوشش میں ہے جبکہ تلگو دیشم قائدین امراوتی اراضی اسکام معاملہ سے خود کو دور رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس کیلئے وہ بی جے پی سے قربت اختیار کئے ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں بھارت راشٹر سمیتی دہلی شراب اسکام‘ رئیل اسٹیٹ اسکام کے علاوہ دیگر دھاندلیوں سے خود کو بچانے کی کوشش میں بی جے پی سے کھلی جنگ کا موقف اختیار کئے ہوئے ہے تاکہ انہیں تمام اپوزیشن جماعتوں کی حمایت ملتی رہے اس کے باوجود ان جماعتوں کے قائدین میں اطمینان کی کیفیت نہیں ہے کیونکہ وہ وثوق سے یہ کہنے کے موقف میں نہیں ہیں کہ بی جے پی ان جماعتوں کے قائدین کے متعلق کیا موقف اختیار کرے گی جو کہ مختلف ایجنسیوں کے نشانہ پر ہیں۔م