تلگو ریاستوں کے ہر شخص کے دل میں تلگو دیشم : چندرا بابو نائیڈو

   

تلنگانہ میں عوامی مسائل پر جدوجہد کا مشورہ، این ٹی آر بھون میں صدر تلگو دیشم کا استقبال
حیدرآباد۔10 ۔ستمبر (سیاست نیوز) صدر قومی تلگو دیشم پارٹی این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ہر تلگو شخص کے دل میں تلگو دیشم پارٹی موجود ہے اور دونوں ریاستوں میں عوام تلگو دیشم کے ساتھ ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے آج حیدرآباد کے این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے ونائک چتورتھی کے ضمن میں خصوصی پوجا میں حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کا مضبوط کیڈر ہے۔ تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی بہتر انداز میں کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں پارٹی کی سرگرمیوںکو وسعت دینے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے مقامی قائدین کی ستائش کی اور انہیں عوامی مسائل پر جدوجہد کرنے کا مشورہ دیا ۔ نائیڈو نے کہا کہ تلنگانہ کے ہر ضلع میں بنیادی سطح تک تلگو دیشم کا کیڈر موجود ہے۔ نائیڈو نے کہا کہ ملک میں ہر مذہب کے ماننے والوں کے جذبات کا احترام کیا جانا چاہئے کیونکہ دستور ہند نے ہر شہری کو اپنی پسند کے مذہب پر عمل کرنے کا حق دیا ہے ۔ حکومتوں کو دستور کے مطابق کام کرتے ہوئے امن اور بھائی چارہ کو یقینی بنانا چاہئے ۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون پہنچنے پر کارکنوںکی کثیر تعداد نے چندرا بابو نائیڈو کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ نائیڈو نے عوام کو گنیش تہوار کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حیدرآباد کا گنیش فیسٹول دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ گنیش وسرجن کے موقع پر مختلف احتیاطی تدابیر کے دوران عوام کے مذہبی جذبات کا خیال رکھیں۔ مذہبی معاملات اور عقائد نے حکومت کو مداخلت سے گریز کرنا چاہئے ۔ نائیڈو نے کہا کہ جب تک حکومتیں عوام کے جذبات کا احترام نہیں کریں گی ، اس وقت تک امن اور بھائی چارہ کا حصول ممکن نہیں ہے۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تلگو دیشم کئی قائدین نے ملاقات کی اور تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی مسائل پر جدوجہد تیز کریں تاکہ پارٹی کیڈر ہر ضلع میں بنیادی طور پر متحرک ہوسکے۔ R