تلنگانہ کے 105 طلبہ شامل، دہلی سے آبائی مقامات کیلئے ٹکٹ کا انتظام
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) یوکرین سے تلگو ریاستوں کے طلبہ کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ مرکزی حکومت کے آپریشن گنگا کے تحت تلگو ریاستوں کے 133 طلبہ کو آج وطن واپس لایا گیا ان میں تلنگانہ کے طلبہ کی تعداد 105 ہے۔ یوکرین کے پڑوسی ممالک سے ان طلبہ کو خصوصی طیاروں کے ذریعہ نئی دہلی لایا گیا۔ ان میں دیگر ریاستوں کے طلبہ بھی شامل ہیں۔ تلنگانہ کے طلبہ کو نئی دہلی میں تلنگانہ بھون منتقل کیا گیا اور ریاستی حکومت کے عہدیداروں نے انہیں غذا اور دیگر سہولتیں فراہم کی۔ کمشنر تلنگانہ بھون نئی دہلی ڈاکٹر گورو اوپل نے یوکرین سے آنے والے طلبہ سے بات چیت کی اور وہاں کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ یوکرین سے تاحال تلنگانہ کے 595 طلبہ کو وطن واپس لایا گیا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق ہفتہ کے دن 109 طلبہ جن کا تعلق تلنگانہ سے ہے وطن واپس ہوئے تھے۔ اتوار کے دن آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے 28 طلبہ ممبئی پہنچے۔ آندھرا پردیش کے 457 طلبہ ابھی تک وطن واپس ہوچکے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ ممبئی اور دہلی سے طلبہ کیلئے حیدرآباد، وجئے واڑہ، وشاکھاپٹنم، تروپتی اور بنگلور کیلئے سفر کا انتظام کیا جارہا ہے۔ دونوں حکومتوں نے ڈومیسٹک فلائیٹ ٹکٹ مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایر پورٹ سے ان کے آبائی مقامات تک آر ٹی سی کی مفت سرویس فراہم کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ یوکرین سے طلبہ کی واپسی کا 26 فروری سے آغاز ہوا تھا۔ یوکرین کے پڑوسی ممالک رومانیہ، ہنگری، پولینڈ، سلواکیہ سے طلبہ کی واپسی کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسی دوران چیف سکریٹری سومیش کمار نے طلبہ کی واپسی کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیا اور ریسیڈنٹ کمشنر نئی دہلی ڈاکٹر گورو اوپل سے بات چیت کرتے ہوئے تلنگانہ بھون میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ر