تلگو ریاستو ں میں آج سے درجہ حرارت میں اضافہ کا امکان

   

حیدرآباد4مارچ(یواین آئی) ملک بھر بالخصوص تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں موسم کی صورتحال تشویشناک رخ اختیار کر رہی ہے ۔ رواں سال فروری گزشتہ تین سالوں کا گرم ترین مہینہ ریکارڈ کیا گیا اور اب مارچ کے پہلے ہفتہ سے ہی شدید گرمی اور لو نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ ماضی میں مارچ کے وسط تک لوگ گرم کپڑوں کا استعمال کرتے تھے لیکن اس بار فروری کے دوسرے ہفتے سے ہی پنکھوں اور اے سی کی ضرورت پیش آنے لگی ہے ۔ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق 5مارچ سے درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا امکان ہے جہاں اعظم ترین درجہ حرارت معمول سے کافی اوپر رہنے کی توقع ہے ۔ آندھرا پردیش کا ضلع کرنول اس وقت شدید ترین گرمی کی زد میں ہے جہاں قومی سطح پر سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ گزشتہ موسم گرما میں یہاں کا درجہ حرارت38 ڈگری تک پہنچا تھا جبکہ 2024 میں یہ حیران کن طور پر 47 ڈگری سے بھی تجاوز کر گیا تھا۔ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب گر کر محض 15 فیصد رہ گیا ہے جس کی وجہ سے ڈی ہائیڈریشن اورلولگنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دوپہر کے وقت بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔