تلگو زبان دوم انگلش اور اردو میڈیم کیلئے لازمی ،سخت محنت کا مشورہ

   

سیاست ایس ایس سی تلگو کوسچن بنک کی رسم اجرائی ، احمد بشیرالدین فاروقی ، ڈاکٹر ناظم علی کا خطاب

حیدرآباد ۔15 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ایس ایس سی میں سیکنڈ لینگویج ’’ تلگو‘‘ لازمی مضمون ہے ۔ انگلش میڈیم کیلئے اور اردو میڈیم طلبہ کیلئے بھی اس ضمن میں ادارہ سیاست کے تحت ہر سال کوسچن بنک شائع کیا جاکر مفت تقسیم کیا جاتا ہے اور اس سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ اضلاع کے ہزارہا طلبہ استفادہ کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر سیاست گولڈن جوبلی ہال میں سیاست تلگو کوسچن بنک کی رسم اجرائی انجام دیتے ہوئے کیا اور بتایا کہ ایس ایس سی کے اردو میڈیم کے پانچ مضامین اور انگلش میڈیم کے پانچ مضامین کے کوسچن بنک کو تیار کر کے مفت تقسیم کیا جاتا ہے ۔ اب جاریہ تعلیمی سال کیلئے یہ کوسچن بنک ماہرین کی زیرنگرانی بڑی عرق ریزی سے ترتیب دے رہے ہیں اور کامیابی کا تناسب بھی بڑھ رہا ہے ۔ ڈاکٹر ناظم علی موظف پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج موڑتاڑ نظام آباد نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنی تقریر میں بتایا کہ طالب علم کو سخت محنت کرنی چاہیئے ۔ کامیاب ہونا آج اہم نہیں اچھے نشانات اور امتیازی کامیابی اہم ہے جو طالب علم زندگی میں اعلیٰ مقام بناتے ہیں وہ اپنے دور طالب علمی میں سخت محنت کرتے تھے ۔ ان کی مثالوں کے حوالہ سے بتایا کہ اب جو کوسچن بنک آپ کو دیا جارہا ہے اس کو حاصل کر کے اس سے بھرپور استفادہ کریں ۔ نہ صرف آپ کامیاب ہوں گے بلکہ اچھے نشانات حاصل کریں گے ۔ محمد رفیع تلگو ٹیچر بوسٹن مشن ہائی اسکول نے جو اس کتاب کو ترتیب دیئے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تلگو زبان پر سخت محنت کریں ۔ انہوں نے ادارہ سیاست کے خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ایس ایس سی کوسچن بنک کی اشاعت ان کی کاوشوں کا سلسلہ ہے جو جاری ہے ۔ ایم اے حمید کریئر گائیڈنس سیاست نے ایس ایس سی کے امتحان کے طریقہ کار اور حکومت کے قواعد اور کامیابی کے بعد نشانات کے بجائے گریڈ اور جی پی اے دیا جارہا ہے جو اب بھی برقرار ہے ۔ تلگو زبان دوم انگلش میڈیم اور اردو میڈیم کیلئے لازمی ہے ۔ اس موقع پر مسٹر عمران سکریٹری / کرسپانڈنٹ بوسٹن مشن ہائی اسکول ، خلیل احمد قادری ، خواجہ معین الدین ، محمد یوسف بن ناصر ( محبوب نگر ) ، خواجہ علی شعیب پرنسپل ماسٹر مائینڈس ہائی اسکول سلیمان نگر ، مسٹر ماجد ( نیو ماڈل اسکول ) موجود تھے ۔ محمد عبدالعزیز کی قرات سے آغاز ہوا ، تمام شرکاء کا ایم اے حیمید نے شکریہ ادا کیا ۔