مہیلا کمیشن کی کارروائی، متاثرہ کو تحفظ فراہم کرنے پولیس کو ہدایت
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلگو فلموں کی شخصیت جانی ماسٹر پر الزام ہے کہ اس نے کوریو گرافر کے طور پر کام کرنے والی خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے۔ متاثرہ خاتون نے اس سلسلہ میں مہیلا کمیشن سے شکایت کی ہے۔تلنگانہ مہیلا کمیشن کی صدرنشین این شاردا نے کہا کہ گذشتہ دو ماہ میں کمیشن کے صدرنشین کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے خواتین پر مظالم کی کئی شکایات موصول ہوئی ہیں اور کمیشن کی جانب سے خواتین کو انصاف دلانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف مظالم اور ہراسانی کے واقعات میں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ چاہے کسی بھی شعبہ سے وابستہ رہیں جنسی ہراسانی کی صورت میں مہیلا کمیشن سے رجوع ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جانی ماسٹر کی ہراسانی کا شکار خاتون کی کمیشن ہر ممکن مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرہ خاتون کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے این شاردا نے کہا کہ کئی معاملات میں کمیشن نے پولیس اور دیگر محکمہ جات کو ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی جنسی طور پر ہراسانی اس وقت سب سے اہم مسئلہ ہے۔ خواتین جنسی ہراسانی کے معاملات میں کھل کر شکایت کرنے میں شرم اور عار محسوس کرتی ہیں جس کے نتیجہ میں خاطیوں کے خلاف کارروائی میں دشواری ہوسکتی ہے۔ ملازمت اور دیگر امور کا لالچ دے کر خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ صدرنشین مہیلا کمیشن نے کہا کہ خواتین کو آزادی ملنی چاہیئے۔ کولکتہ میں ڈاکٹر کی عصمت ریزی و قتل کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے این شاردا نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنسی ہراسانی کے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون موجود ہے اور حکومت کی جانب سے دو کمیٹیاں قائم کی گئیں۔1