حیدرآباد ۔ 25 نومبر (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز کی ایک جائیداد پر قبضہ کی کوشش کے خلاف پولیس نے اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ تلگو فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ سواتی ڈکشت کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایک این آر آئی سے تعلق رکھنے والی جائیداد پر قبضہ کا اس اداکارہ پر الزام ہے۔ پولیس میں دی گئی شکایت کے مطابق روڈ نمبر 58 پر واقع ایک اراضی میں زبردستی داخل ہونے اور اس جائیداد پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی حالانکہ ہنگامہ آرائی اور جائیداد میں مداخلت کے وقت سواتی ڈکشت وہاں نہیں تھیں لیکن یہ ساری کوششیں سواتی کے اشارے پر انجام دی گئی۔ سواتی پر الزام ہیکہ اس نے اپنے حامیوں کو اس جائیداد میں زبردستی داخل ہوتے ہوئے قبضہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ سواتی نے ایک سال قبل کافی شاپ کیلئے جائیداد کے مالک سے معاہدہ کیا تھا۔ تاہم دونوں فریقین میں تنازعہ پیدا ہوا۔ پولیس نے چوکیدار کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع