تلگو فلم اسٹار و کامیڈین علی کا گنٹور اسمبلی حلقہ سے مقابلہ ،صدر تلگودیشم چندرا بابو سے اشارہ، حق رائے دہی کیلئے باضابطہ کارروائی

   

حیدرآباد ۔ 3 مارچ (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے مجوزہ عام انتخابات میں ممتاز تلگو کامیڈین و فلم اسٹار مسٹر علی توقع ہیکہ گنٹور ٹاؤن میں کسی ایک اسمبلی نشست کیلئے تلگودیشم پارٹی ٹکٹ پر انتخابی مقابلہ کریں گے۔ اس سلسلہ میں خود قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بھی باقاعدہ طور پر اقلیتی قائد کو پارٹی ٹکٹ دینے کا اشارہ دیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ اس صورتحال کی روشنی میں نامور تلگو فلموں کے کامیڈین فلم اسٹار مسٹر علی نے انہیں گنٹور ٹاؤن میں ووٹ کا حق (حق رائے دہی) فراہم کرنے کی مشرقی حلقہ اسمبلی گنٹور ٹاؤن کے ریٹرننگ آفیسر کو اپنی درخواست پیش کرنے کی خواہش کی ہے۔ اس درخواست کا تفصیلی جائزہ لینے والے عہدیداروں نے مسٹر علی کو اس بات سے واقف کرواچکے ہیں کہ ان کا نام شہر حیدرآباد کی فہرست رائے دہندگان میں شامل ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ عہدیداروں کی اس اطلاع پر مسٹر علی نے شہر تلنگانہ میں پائے جانے والے ووٹرلسٹ کے نام کو خارج کرنے پر انہیں کوئی اعتراض نہ رہنے کا عہدیداروں سے اظہار کرچکے ہیں اور اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ بہرصورت ان کا نام گنٹور ٹاؤن حلقہ اسمبلی مشرقی کی فہرست رائے دہندگان میں شامل کریں۔ اس طرح مسٹر علی کی جانب سے کی جانے والی ان کوششوں سے بھی اس بات کو تقویت حاصل ہوئی ہیکہ مذکورہ حلقہ اسمبلی سے تلگودیشم پارٹی سے مسٹر این چندرا بابونائیڈو ممتاز تلگو فلم کامیڈین و فلم اسٹار کو پارٹی ٹکٹ فراہم کریں گے اور مسٹر علی ہی حلقہ اسمبلی مشرقی گنٹور کے تلگودیشم پارٹی امیدوار ہوں گے۔