تلگو میں گروپ I امتحان لکھنے والے امیدواروں کی تفصیلات پیش کرنے تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد۔/30 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے گروپ I امتحانات تلگو میں لکھنے والے امیدواروں کی تفصیلات پیش کرنے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت دی ہے۔ ہائی کورٹ میں گروپ I امیدواروں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی آج سنگل جج بنچ پر سماعت ہوئی۔ درخواست گذاروں کے وکیل نے عدالت سے شکایت کی کہ نشانات کے الاٹمنٹ میں ناانصافی کی گئی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ پرویژنل مارکس کی تفصیلات امیدواروں کو جاری نہیں کی گئی۔ امیدواروں نے شکایت کی کہ نشانات کی اجرائی میں 20 دن کی تاخیر کی گئی اور اس دوران بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔ پرچہ جات کی جانچ اور نشانات کے الاٹمنٹ کی تفصیلات پبلک سرویس کمیشن کے وکیل سے طلب کی۔ عدالت نے سوال کیا کہ تلگو میں امتحان لکھنے والے امیدواروں کو نشانات کس طرح الاٹ کئے گئے۔ عدالت نے کہا کہ تلگو میں امتحان لکھنے والے امیدواروں کو شکایت ہے کہ انہیں کم نشانات الاٹ کئے گئے، کیا اس سلسلہ میں کوئی ’ کی پیپر‘ موجود تھا؟۔ کمیشن کے وکیل نے کہا کہ پرچوں کی جانچ کرنے والوں کو نشانات کے سلسلہ میں کوئی ’ کی‘ نہیں دی گئی۔ تحریری امتحانات کے سبب علحدہ ’ کی‘ جاری نہیں کی گئی۔ عدالت نے سوال کیا کہ تلگو زبان میں کتنے امیدواروں نے امتحان لکھا ہے اُن کی تفصیلات پیش کی جائیں۔ کمیشن نے تمام تفصیلات پیش کرنے سے اتفاق کیا۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت جمعرات کو ہوگی۔1

مکرم جاہ اسکول پرانی حویلی کا دسویں جماعت ICSE میں صد فیصد نتیجہ
حیدرآباد۔/30 اپریل، ( سیاست نیوز) مکرم جاہ اسکول پرانی حویلی نے دسویں جماعت کے آئی سی ایس ای بورڈ ایگزام میں صد فیصد نتیجہ حاصل کیا ہے۔ ہز ایکسلینسی دی نظام مکرم جاہ ٹرسٹ فار ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے زیر اہتمام مکرم جاہ اسکول چلایا جاتا ہے۔ اسکول کے طالب علم ارسر احمد نے 94 فیصد نشانات حاصل کرتے ہوئے سرفہرست رہے۔ ہز ایکسلینسی دی نظام مکرم جاہ ٹرسٹ فار ایجوکیشن اینڈ لرننگ نے شاندار نتائج پر طلبہ اور اسٹاف کو مبارکباد دی اور اُمید ظاہر کی کہ نتائج آئندہ بھی اسی طرح بہتر رہیں گے۔