تلگو نیوز چینل ٹی نیوز کو صدرنشین تلنگانہ فوڈس ایم اے فہیم کی ہتک عزت نوٹس، کانگریس قائدین کے خلاف گمراہ کن مہم کی مذمت

   

حیدرآباد۔/18 اپریل، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ فوڈس ایم اے فہیم نے تلگو نیوز ٹی نیوز پر گمراہ کن خبر نشر کرنے کے خلاف ہتک عزت کی نوٹس جاری کی ہے۔ تلگو چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امین پور کے شہریوں کو حیڈرا کے نام پر ہراساں کرتے ہوئے بھاری رقومات حاصل کی جارہی ہیں۔ اس معاملہ میں صدرنشین تلنگانہ فوڈس ایم اے فہیم کا نام پیش کیا گیا۔ ایم اے فہیم اس معاملہ میں سائبر کرائم پولیس سے پہلے ہی شکایت کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے نیوز چینل میں کانگریس قائدین کے خلاف منظم مہم شروع کی گئی ہے۔ ٹی نیوز کے کرائم بیورو چیف بھاسکر کو ایک کروڑ روپئے کی ہتک عزت کی نوٹس دی گئی۔ نوٹس میں چینل سے قابل اعتراض نیوز کو حذف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فرضی ویلفیر اسوسی ایشن کے نام پر حکومت سے نمائندگی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ایم اے فہیم نے کہا کہ امین پور کی اراضیات یا پھر حیڈرا کے نام پر عوام کو ہراساں کرنے کا الزام بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے زیر اثر سوشیل میڈیا چینلس اس طرح کا پرچار کرتے ہوئے مسلم قائدین کو نشانہ بنارہے ہیں۔1