تل ابیب پر ایرانی میزائلوں کی بارش ۔لبنان میں اسرائیل کی تباہی

   

اسرائیل کے فضائی حملے میں ایران کے انٹلیجنس وزیر کی ہلاکت

تہران؍تل ابیب؍بیروت، 18 مارچ (یو این آئی) اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے سیکورٹی چیف علی لاریجانی کے قتل کے ایک دن بعد ہی ایران کے انٹیلی جنس وزیر اسماعیل خطیب اور وزارت کے کئی اعلیٰ اہلکار تہران میں رات دیر گئے حملے میں مارے گئے ۔ خطیب کی موت پر ایران کی طرف سے کوئی سرکاری تبصرہ نہیں کیا گیا ہے ، لیکن اس نے پہلے ہی لاریجانی کے قتل کا بدلہ لینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔تہران میں لاریجانی اور بسیج فورسز کے سربراہ غلام رضا سلیمانی کی یادگاری خدمت اور تدفین کی تقریب منعقد ہوئی۔ ان کے جنازے میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ روس نے ایک بیان جاری کر کے لاریجانی کے قتل کی مذمت کی ہے ۔ ادھر ایران کے صوبہ لورستان کے گنجان آباد شہر دورود پر امریکی اسرائیلی حملے میں سات افراد ہلاک اور 56 زخمی ہو گئے ۔ لاریجانی کی موت سے ناراض، ایران نے وسطی اسرائیل پر متعدد وار ہیڈ میزائلوں سے حملہ کیا۔ ان حملوں میں تل ابیب کے قریب رامات گان کے علاقے میں دو افراد ہلاک ہوئے ۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایک میزائل کو مار گرایا جبکہ دوسرا وسطی اسرائیل میں گرا۔ خلیجی ممالک قطر، کویت، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے بھی ایران کی طرف سے داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز کو اپنی سرحدوں کے اندر مار گرانے کی اطلاع دی ہے ۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے اطلاع دی ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ملک کی تیل اور قدرتی گیس کی تنصیبات کے کچھ حصوں کو نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حملوں سے ہونے والے نقصان کی درست حد کا ابھی اندازہ لگایا جانا باقی ہے ۔ ان حملوں میں خاص طور پر جنوبی پارس کے قدرتی گیس فیلڈ اور اسالویہ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں تیل اور پیٹرو کیمیکل کے اہم پلانٹس واقع ہیں۔ حملوں کے بعد ایران نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور قطر میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔ لبنان میں بھی حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ اسرائیل نے وسطی بیروت کے علاقے بشورا میں ایک عمارت پر حملہ کیا ہے ۔ دریں اثنا، اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ اس کے ایک ٹینک نے رواں ماہ جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے ایک اڈے پر فائرنگ کی تھی، جس میں گھانا کے تین امن فوجی زخمی ہوئے تھے ۔ ادھر غزہ میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں خان یونس میں کم از کم ایک فلسطینی ہلاک ہو گیا ہے ۔ لبنان کی وزارت صحت نے اطلاع دی ہے کہ بیروت کے اضلاع بستہ اور ذوقاق البلات میں صبح سویرے اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے ۔ حملوں میں مزید 27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ امریکہ نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی میزائل اڈوں کو تباہ کرنے کیلئے 5000 پاؤنڈ گائیڈڈ بم استعمال کیے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مشورہ دیا ہے کہ اگر امریکی اثر و رسوخ کی وجہ سے ایرانی حکومت گرتی ہے تو امریکی اتحادیوں کو آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کی پوری ذمہ داری قبول کرنی چاہیے ۔ تاہم یورپی ممالک نے فی الحال ٹرمپ کے اس اہم سمندری راستے پر جنگی جہاز بھیجنے کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے ۔

صبح صبح ایران نے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی
تہران ۔ 18 مارچ (ایجنسیز) ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ نئے موڑ اختیار کر رہی ہے۔ چہارشنبہ کی علی الصبح ایران کی جانب سے داغے گئے بھاری بیلسٹک میزائل حملوں میں وسطی اسرائیل میں دو شہری ہلاک ہوگئے۔ اس حملے کی تصدیق اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) اور ہنگامی خدمات کے ادارے (MDA) نے کی ہے۔اسرائیلی وقت کے مطابق چہارشنبہ کی صبح سویرے ایران نے میزائلوں کی بارش کردی۔ میزائل کے ٹکڑے گرنے سے بنی براک علاقے میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں میزائل کے ٹکڑے نظر آئیں تو انہیں ہاتھ نہ لگائیں اور فوراً سیکیورٹی اہلکاروں کو اطلاع دیں۔واضح رہے کہ اسرائیل نے منگل کے روز ایران کے اعلیٰ سطحی سیکیورٹی عہدیدار علی لاریجانی کو ہلاک کردیا تھا۔ اسی کے ردعمل میں ایران کی انقلابی گارڈز (IRGC) نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے “کلسٹر وار ہیڈ’’ میزائل داغے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حملے اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام کو تباہ کرنے کے مقصد سے کیے گئے ہیں۔