تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ اسکولس کی کشادگی‘ سبیتا اندرا ریڈی

   

حیدرآباد26 اگست (سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے یکم ستمبر سے تعلیمی اداروں کی کشادگی کے پس منظر میں چیوڑلہ کے ضلع پریشد اسکول کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر تعلیم نے سرکاری اسکولوں میں صفائی و سنیٹائزیشن انتظامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو 30 اگست تک کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کووڈ قواعد کے تحت کلاسس کے آغاز کا فیصلہ کیا اور طلبہ کی تعداد اور گنجائش کے اعتبار سے نشستوں کا انتظام کیا جائے گا ۔ انہوں نے پینے کے پانی کے علاوہ طلبہ کیلئے ٹائلٹس کی صفائی پر توجہ کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے ۔ ٹیچرس کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے احکام جاری کئے جاچکے ہیں ۔ ٹیچنگ و نان ٹیچنگ اسٹاف کیلئے ٹیکہ اندازی پر توجہ دی جارہی ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی صورتحال اور طلبہ کے تعلیمی مستقبل کا جائزہ لے کر تعلیمی اداروں کی کشادگی کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 60 لاکھ طلبہ یکم ستمبر سے اسکولوں کو حاضر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائین کلاسس کا کوئی نظم نہیں رہیگا ۔R