تمام اضلاع میں سوپر اسپریڈرس کو تین دن تک ٹیکہ اندازی

   

دھان کی خریدی 7 دن میں مکمل کرلی جائے، ضلع کلکٹرس سے چیف سکریٹری کی ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد: چیف سکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں کسانوں سے دھان کی خریدی ، فرٹیلائیزر اور بیجوں کی سربراہی کے علاوہ سوپر اسپریڈرس کو ٹیکہ اندازی کے مسئلہ پر جائزہ لیا ۔ مانسون کی مقررہ وقت سے قبل آمد کے پیش نظر ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ کسانوں سے دھان کی خریدی کیلئے تمام ضروری قدم اٹھائیں اور آئندہ 6 دنوں میں خریدی کا عمل مکمل کرلیا جائے ۔ ضلع کلکٹر سے کہا گیا کہ وہ مقامی مارکٹوں میں لیبر کی کمی اور تھیلوں کے اضافی حصول کے اقدامات کریں ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ کئی کسان دھان کی منتقلی کے سلسلہ میں ٹرانسپورٹ کی سہولتوں سے محروم ہیں ، لہذا انہیں سہولتیں فراہم کی جائیں۔ چیف سکریٹری نے ملرس کی کارکردگی پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے دھان کی خریدی کا عمل تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کلکٹر سے کہا گیا کہ وہ ضلع واری سطح پر زرعی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں جس میں کسانوں کیلئے فرٹیلائیزر اور سیڈس کی مناسب سربراہی کو یقینی بنایا جائے ۔ سوپر اسپریڈرس کو ٹیکہ اندازی کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر سے کہا گیا کہ وہ سوپر اسپریڈرس کی فہرست پر عمل کریں اور حکومت نے جن افراد کو اس زمرہ میں شامل کیا ہے ، ترجیحی بنیادوں پر ویکسین کی خوراک دی جائے ۔ کلکٹر سے کہا گیا کہ سوپر اسپریڈرس کو کووی شیلڈ ویکسین کی خوراک دینے کے انتظامار کریں۔ ٹیلی کانفرنس میں سکریٹری ہیلت سید علی مرتضی رضوی ، سکریٹری زراعت رگھونندن راؤ اور کمشنر سیول سپلائیز وی انیل کمار شریک تھے۔