آر ٹی سی بقایاجات میں 80 کروڑ روپئے جاری ‘ بقایہ 200 کروڑ کی جولائی کے اواخر تک اجرائی
حیدرآباد ۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ بہت جلد ریاست کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس سے اے سی بسیں چلائی جائیں گی۔ پونم پربھاکر نے آج نلگنڈہ میں وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے ساتھ نلگنڈہ اور حیدرآباد کے درمیان چلائی جانے والی 3 نان اسٹاپ ڈیلکس بسوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ جن علاقوں میں ایک مقام سے دوسرے مقام کو سفر کرنے والے مسافرین کی تعداد زیادہ ہے، ان میں آرٹی سی بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ آر ٹی سی کیلئے 1000 نئی بسیں خریدی گئی ہیں مزید 1500 بسیں خریدنے آرڈر دیا گیا ہے۔ دسہرہ تک نلگنڈہ کو 30 ایکسپریس اور 30 لگژری بسیں مختص کی جائیں گی۔ ریاست میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کو حل کیا گیا ہے اور ساتھ ہی ملازمین کو 21 فیصد ڈی اے دیا گیا ۔ اس کے علاوہ جملہ 280 کروڑ روپئے کے بقایا جات میں 80 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ ماباقی 200 کروڑ روپئے جاریہ ماہ کے اواخر تک جاری کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ آر ٹی سی میں 3035 جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر اسمبلی ہیڈکوارٹر سے اے سی بسیں چلانے کا منصوبہ ہے۔ وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وعدہ کے مطابق آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید 100 آر ٹی سی بسیں ضلع نلگنڈہ کو مختص کرنے کا ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ سے مطالبہ کیا۔2