ماسک کا استعمال لازمی ، ضلع کلکٹرس کے ساتھ چیف سکریٹری سومیش کمار کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں پلے پرگتی، ہریتا ہارم، ویجیٹیرین اینڈ نان ویجٹیرین مارکٹس کے قیام، کوویڈ 19 ، قومی دیہی ضمانت روزگار اسکیم، دھرانی پورٹل اور دھان کی خریدی سے متعلق اُمور کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس اور پنچایت راج ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کی ستائش کی جنہوں نے رائیتو ویدیکا پروگرام پر کامیابی سے عمل کیا اور قومی ضمانت روزگار اسکیم کے تحت دیہاتیوں میں اثاثہ جات تقسیم کئے۔ انہوں نے کلکٹر سے خواہش کی کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق ہر گھر کو پودوں کی بہتر سربراہی کے سلسلہ میں ایکشن پلان تیار کریں تاکہ ہریتا ہارم پروگرام میں توسیع ہو۔ انہوں نے ہر منڈل کے اسپیشل آفیسر کو نرسریز کا دورہ کرتے ہوئے پودوں کی نگہداشت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ شخصی طور پر دورہ کرتے ہوئے ویجٹیرین اور نان ویجیٹیرین مارکٹس کے قیام کیلئے موزوں مقامات کا تعین کریں۔ آئندہ چھ ماہ میں مارکٹس کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا جائے ۔ انہوں نے دھرانی پورٹل سے وابستہ اُمور کی موثر تکمیل کیلئے کلکٹرس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ باقی زیر التواء کاموں کو فوری مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہر ضلع میں کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی اور کہا کہ مذہبی پروگراموں اور اجتماعات میں قواعد کی پابندی کے علاوہ عوامی مقامات پر ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا جائے۔ انہوں نے کلکٹرس سے خواہش کی کہ دیہاتوں کی سطح پر مناسب دھان کی خریدی کے مراکز قائم کریں تاکہ کسی بھی کسان کو تکلیف نہ ہو۔ ویڈیو کانفرنس میں اروند کمار، جناردھن ریڈی، سندیپ کمار سلطانیہ، مرتضیٰ علی رضوی، وی شیشادری، رونالڈ راس، رگھونندن راؤ، سرفراز احمد، ستیہ نارائنا، پرینکا ورگھیز اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔