تمام اضلاع میں ٹی آر ایس دفاتر کی جلد تعمیرکی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

حکمراں جماعت بلدی انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ، پارٹی قائدین سے کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد۔17 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ و صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی کے چندر شیکھر راؤ نے ٹی آر ایس پارٹی قائدین کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں تعمیر کئے جانے والے ضلعی تلنگانہ راشٹرسمیتی دفاتر کیلئے 60لاکھ روپئے فی ضلع کے حساب سے 28 ضلعوں کے چیکس جاری کردیئے ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی قائدین کے اجلاس کے دوران پارٹی کی جاری رکنیت سازی مہم کے متعلق تفصیلات کے حصول کے علاوہ ضلعی سطح پر تلنگانہ راشٹر سمیتی کی تنظیم سازی کے متعلق تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ ریاست میں مجوزہ بلدی انتخابات کے لئے ٹی آر ایس کارکن پوری طرح سے تیار رہیں کیونکہ کسی بھی وقت ریاست میں بلدی انتخابات کا اعلامیہ جاری کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے خطاب کے دوران کہا کہ عوام کو ٹی آر ایس سے جو توقعات ہیں حکومت ان کو پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ ریاست تلنگانہ کو فلاحی ریاست میں تبدیل کیا جائے۔ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ بلدی انتخابات کے سلسلہ میں اپنے علاقو ںمیں عوام کو تیار رکھیں اور خود پوری طرح سے مسائل کے حل اور حکومت کے اقدامات و کاروائیوں سے واقف رہتے ہوئے عوام کو حکومت کی کارکردگی سے واقف کروائیں۔ تلنگانہ راشٹرسمیتی قائدین کو کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس کاکوئی متبادل نہیں ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کئے جانے والے دعوے بے بنیاد ہیں اسی لئے ان پر تو جہ دیئے بغیر عوام کو اس بات سے واقف کروایا جائے کہ ریاستی حکومت کی جانب ریاست میں امن و امان کی برقراری کے علاوہ ریاست کی ترقی کیلئے کیا اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو 20 جولائی تک رکنیت سازی کی تکمیل اور تنظیم سازی کی سمت پیشرفت کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی عوامی تحریک سے شروع ہونے والی سیاسی جماعت ہے اسی لئے اس پارٹی سے عوام کو جوڑے رکھنا ٹی آر ایس قائدین کی ذمہ داری ہے۔چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ دسہرہ سے قبل ضلعی پارٹی دفاتر کی تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میں نئے دفات رکے قیام کا مقصد عوام کو پارٹی سے قریب کرتے ہوئے ان کے مسائل کو ضلعی سطح پر مکمل طور پر حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور انہیں دارالحکومت تک کے سفر سے محفوظ رکھا جائے۔ اجلاس کے دوران ضلعی قائدین نے چیف منسٹر کو رکنیت سازی مہم کے سلسلہ میں جاری تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کارکن و قائدین مجوزہ بلدی انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے۔