پلے پرگتی پروگرام سے متعلق تمام اضلاع کے ایڈیشنل کلکٹروں کے ہمراہ ریاستی وزیر دیاکر راؤ کی ویڈیو کانفرنس
پداپلی ۔/12مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)دیہی علاقوں میں ہر اہل فرد کو روزگار ضامن کے تحت کام فراہم کرنے کی ریاستی وزیر برائے محکمہ پنچایت راج ایرابیلی دیاکر راؤ نے متعلقہ عہدیداروں کو تاکید کی. پلے پرگتی اور روزگار ضامن سے متعلقہ امور پر تمام اضلاع کے کلکٹروں کے ہمراہ بروز پیر وزیر موصوف نے ویڈیو کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا. اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں عہدیداروں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ مستقبل میں بھی اسی جذبہ کو جاری رکھتے ہوئے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے تحت احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خدمات انجام دینے کی انھوں نے ہدایت دی. انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر مزید کچھ عرصہ تک ہمیں کورونا وباء سے نمٹنا ہوگا. لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عہدیداروں کو اقدامات کرنے اور محتاط رہنے کی وزیر موصوف نے تاکید کی. ریاست بھر میں لاک ڈاؤن ہٹادئیے جانے پر کورونا وائرس پھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں’ جس سے بچاؤ کے تحت تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی انھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی. کووڈ۔19 وائرس سے بچاؤ کے تحت ماسک لگانے’ سماجی فاصلہ بنائے رکھنے اور سانیٹائیزر کے استعمال کو جاری رکھنے ‘ ماسک نہ لگانے پر -/1000 جرمانہ عائد کرنے کی وزیر موصوف نے تاکید کی. دیہی علاقوں میں موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے تحت ضروری اقدامات کرنے’ ماحول کی صفائی کو زیادہ ترجیح دینے ‘ مچھروں سے بچاؤ کے تحت لائحہ عمل تیار کرنے اور عمل کرنے کی وزیر موصوف نے عہدیداروں کو تاکید کی. انھوں نے کہا کہ کووڈ۔ 19 وائرس سے نمٹنے میں صفائی عملہ کی خدمات قابل ستائش ہیں. صفائی عملہ کی حفاظت کے تحت تمام احتیاطی اشیاء ہر وقت دستیاب رکھنے’ ہر ہفتہ ان کی ابتدائی طبی جانچ کروانے’ حفاظتی اشیاء کے بغیر صفائی کے کام نہ کرنے کی تاکید کی. دیہی علاقوں میں نرسری سے متعلقہ کاموں کی تفصیلات وزیر موصوف نے دریافت کیں اور ہریالی بڑھانے کے تحت لگائے گئے پودوں کی حفاظت کے لئے اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی. انھوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں پلے پرگتی پروگرام جاری رکھاجائے. دیہی علاقوں میں عمل پیرا کاموں سے متعلقہ ادائیگی کی تفصیلات’ فنڈ ٹرانسفر آرڈر کی تفصیلات کو ایک ہفتہ میں آن لائن درج کرنے کی وزیر موصوف نے تاکید کی. انھوں نے روزگار ضامن کے تحت کام کررہے مزدوروں کی تفصیلات دریافت کیں اور کہا کہ روزگار ضامن کے تحت کئے جانے والے کاموں کے دوران مزدوروں کو لازماً ماسک لگانے’ سماجی فاصلہ بنائے رکھنے اور ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کیلئے عہدیداران اقدامات کریں.مچھروں سے بچاؤ کے تحت مواضعات کے ہر گھر میں انجذابی گڑھے کی تعمیری کاموں کو روبہ عمل لانے کی عہدیداروں کو تاکید کی. مواضعات میں عوامی بیت الخلاء اور کمپوسٹ پٹ کے کاموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ایڈیشنل کلکٹر لکشمی نارائنا’ ضلعی دیہی ترقیاتی عہدیدار ونود کمار’ ضلع پنچایت آفیسر سدرشن اور متعلقہ عہدیداروں نے اس ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔