تمام تر کورونا ہنگامہ کے باوجود جے ای ای کا آغاز

,

   

نئی دہلی : جے ای ای اور نیٹ کے انعقاد کے خلاف اپوزیشن سیاسی پارٹیوں اور بعض طلبہ یونینوں کے کافی احتجاج کے باوجود آج منگل کو جوائنٹ انٹرنس اگزامنیشن
(JEE)
کا ملک بھر کے مختلف امتحانی مراکز پر صبح 9 بجے آغاز ہوگیا۔ یہ بات درست ہے کہ تمام شرکاء طلبہ اور اُن کے والدین و سرپرست کورونا وائرس کے موجودہ حالات میں امتحان کے انعقاد پر مطمئن نہیں ہیں لیکن اُن کے پاس امتحان لکھنے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں کیوں کہ اس کی تیاری اور اس کا رجسٹریشن کافی عرصہ قبل ہوچکا تھا۔ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی وہ ادارہ ہے جو قومی سطح کے کوئی بھی امتحان کے انعقاد سے قبل تمام پہلوؤں سے معاملہ کا جائزہ لیتا ہے اور اُس کی طرف سے منظوری کے بعد ہی حکام امتحان کے انعقاد کو آگے بڑھاتے ہیں۔ این ٹی اے نے اپنے جائزہ کے بعد کہاکہ جے ای ای ۔ مین اور نیٹ کا انعقاد کیا جاسکتا ہے۔ مرکزی حکومت نے اِسی کو بنیاد بنایا اور امتحانات کے پروگرام کو آگے بڑھایا۔ لمحہ آخر میں بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ سے رجوع ہوکر کوشش کی گئی کہ جے ای ای ۔ مین پر حکم التواء حاصل کیا جائے لیکن عدالت نے اس سے انکار کردیا اور کہاکہ مہاراشٹرا کے ودربھ خطہ کے سیلاب زدہ حصوں میں رہنے والے اسٹوڈنٹس جو امتحانی مرکز نہ پہونچ سکے یا تاخیر سے پہونچے، وہ مکرر امتحان کیلئے نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی سے رجوع ہوسکتے ہیں۔