تمام جی اوز اندرون 24 گھنٹے ویب سائیٹ پر پیش کئے جائیں

   

حکومت کو تلنگانہ ہائیکورٹ کی ہدایت، دلت بندھو اسکیم پر مقدمہ کی سماعت

حیدرآباد۔18 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے دلت بندھو اسکیم کے گائیڈ لائینس سے متعلق جاری کردہ جی او کو اندرون 24 گھنٹے ویب سائیٹ پر پیش کرنے کی حکومت کو ہدایت دی ہے ۔ ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی کہ جو بھی جی او جاری کیا جاتا ہے ، وہ اندرون 24 گھنٹے سرکاری ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کیا جائے تاکہ عوام کے لئے دستیاب ہو۔ دلت بندھو اسکیم کے خلاف دائر کردہ مفاد عامہ کی درخواست کی چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ پر سماعت ہوئی ۔ درخواست گزار نے شکایت کی کہ حکومت گائیڈ لائینس کی اجرائی کے بغیر ہی اسکیم پر عمل کر رہی ہے اور ضلع کلکٹرس کو بجٹ جاری کردیا گیا ۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے ہیں اور اس سلسلہ میں جی او جاری کردیا گیا ۔ ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ ہر دلت خاندان کو اسکیم کے دائرہ میں شامل کیا گیا ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائینس کا جی او ویب سائیٹ پر موجود نہیں ہے۔ عدالت نے حکومت سے سوال کیا کہ سرکاری احکامات عوام کے لئے دستیاب رکھنے میں کیا رکاوٹ ہے۔ ہائی کورٹ نے ایڈوکیٹ جنرل کے دلائل کا نوٹ لیا اور دلت بندھو اسکیم پر سماعت مکمل کردی۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ تمام جی اوز اجرائی کے 24 گھنٹے میں ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کئے جائیں ۔ R