تمام حلقوں کے بیالٹ پیپرس کی اشاعت مکمل

   

حیدرآباد۔ شہر کے تمام 150 بلدی ڈویژنس میں امیدواروں کے بیالٹ پیپر کی اشاعت مکمل کی جاچکی ہے اور 27 نومبر تک تمام ڈیوژنس کو بیالٹ پیپرس روانہ کردیئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق انتخابات میں استعمال کئے جانے والے تمام اشیاء زونل دفاتر کو روانہ کردیئے جائیں گے اور زونل کمشنراں کی نگرانی میں رکھا جائیگا۔ بتایاجاتا ہے کہ سب سے زیادہ امیدوار جنگم میٹ میں ہیں جہاں سب سے بڑا بیالٹ پیپرہوگا۔ جو بیالٹ پیپر کی اشاعت عمل میں لائی گئی اس میں دو کالم میں امیدواروں کے انتخابی نشان درج ہونگے اور ایک کالم میں 8 امیدواروں کے نشان رہیں گے ۔ تمام حلقوں میں دو کالم پر مشتمل بیالٹ پیپر ہوگا جبکہ جنگم میٹ میں 3 کالم پر مشتمل ہوگا جس میں 20 امیدواروں کے نشانات موجود رہیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کو شفاف رکھنے تمام ضروری اشیاء کو سخت نگرانی میں رکھا جا رہاہے تاکہ کوئی مسائل اور الزامات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تمام حلقہ جات میں رائے دہی کیلئے بیالٹ باکس‘ بیالٹ پیپر‘ انگلی پر لگائی جانے والی سیاہی کے علاوہ دیگر دستاویزات کی تقسیم کیلئے منظم اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔