ریاست کی دوسری سرکاری زبان اردو نظر انداز
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی ہے تمام سرکاری احکام و سرکولرس عوام کی سہولت کیلئے تلگو اور انگلش میں جاری کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو ایکٹ پر عمل آوری اور اراضیات کے رجسٹریشن و میوٹیشن سے متعلق تفصیلات عوام تک پہنچانے سرکاری احکامات کو تلگو و انگریزی میں جاری کیا جائے ۔ واضح رہے کہ ریاست میں جی او اور سرکولرس انگلش میں جاری کئے جاتے ہیں۔ چیف منسٹر نے عوام کی سہولت کیلئے تلگو میں اجرائی کی ہدایت دی لیکن اردو زبان کو نظر انداز کردیا جو دوسری سرکاری زبان ہے ۔ نئے ریونیو قانون کے علاوہ ایل آر ایس اسکیم اور دیہی و شہری علاقوں میں غیر زرعی جائیدادوں کو رجسٹریشن جیسے امور کا تعلق اردو داں طبقہ سے بھی ہے۔ لہذا حکومت کو تلگو اور انگریزی کے ساتھ اردو میں بھی احکامات جاری کرنا چاہئے ۔