تمام سرکاری دفاتر کی چھتوں پر سولار پاور پلانٹ لگانے کی ہدایت

   

ڈپٹی چیف منسٹر کی کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ۔ ڈیزائین تیار کرنے پر زور
حیدرآباد۔ 9 اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر برقی بھٹی وکرامارکا نے سولار برقی کی پیداوار پر خصوصی توجہ دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ آج سکریٹریٹ میں ڈپٹی چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ اضلاع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سولار برقی کی پیداوار پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ریاستی کابینہ بھی اس معاملہ میں مکمل تعاون کررہی ہے۔ ریاست کے سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر سولار پاور پلانٹ لگانے کا ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو مشورہ دیا۔ اس کے علاوہ ار او ایف آر اراضیات میں بھی اندرا سورا گریجن وکاسم اسکیم پر عمل آوری کے لئے اضلاع کلکٹرس کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے تمام اضلاع کلکٹریٹ دفاتر میں پارکنگ، کینٹین کے پلانس حیدرآباد کو روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ ریاست بھر میں تمام کلکٹریٹ دفاتر کی عمارتوں کو ایک ہی نمونہ کے ساتھ تعمیر کرنے کی ہدایت دی۔ عمارتوں پر سولار پلانٹس کے قیام کے لئے ضروری ڈیزائن تیار کرنے کی ہدایت دی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ گرام پنچایت بلڈنگس سے سکریٹریٹ تک تمام سرکاری دفاتر کی چھتوں پر سولار پاور پلانٹ قائم کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر برقی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ بھٹی وکرامارکا نے تمام اضلاع کلکٹرس کو سولار پلانٹس کے قیام سے متعلق تمام تفصیلات کو اندرون ایک ہفتہ محکمہ برقی کے پرنسپل سکریٹری کو روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ سرکاری دفاتر کے ساتھ سرکاری اسکولس، جونیر و ڈگری کالجس کی عمارتوں پر بھی سولار پاور پلانٹس لگانے کا مشورہ دیا۔ ریاست بھر میں سرکاری عمارتوں کی مکمل تفصیلات محکمہ برقی کو روانہ کرنے کی کلکٹرس کو ہدایت دی۔ اندراسورا گرجنا وکاسم اسکیم کو حکومت موثر طریقہ سے عمل کرنا چاہتی ہے لہذا کلکٹرس اس پر خصوصی توجہ دیں۔ 2