این جی اوز کے قائدین کی چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات
حیدرآباد: تلنگانہ این جی اوز نے ریاست کے تمام سرکاری ملازمین کو کورونا کا ٹیکہ مفت دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تلنگانہ این جی اوز کے ریاستی صدر ایم راجندر اور جنرل سکریٹری آر پرتاب نے چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت حوالے کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے علاوہ کنٹراکٹ ، آؤٹ سورسنگ اور دیگر عارضی ملازمین کو بھی کورونا کا ٹیکہ مفت دیا جانا چاہئے ۔ حکومت نے 45 سال سے زائد عمر کے سرکاری ملازمین کیلئے ٹیکہ اندازی کا آغاز کیا ہے۔ این جی اوز کے قائدین نے باقی ملازمین کی ٹیکہ اندازی کا عمل جلد شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران سرکاری ملازمین اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سرکاری دفاتر میں حکومت کے قواعد کے مطابق ملازمین لاک ڈاون کے باوجود حاضر ہوکر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ قائدین نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو کورونا وباء سے محفوظ رکھنے کے لئے ٹیکہ اندازی مہم کا جلد آغاز کیا جانا چاہئے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اس تجویز پر غور کرنے کا تیقن دیا ۔