تمام سرکاری ویب سائیٹس دو دن بند رہیں گی

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں تمام سرکاری ویب سائیٹس دو دن یعنی 9 جولائی کی رات 9 بجے سے 11 جولائی کی رات 9 بجے تک بند رہیں گی ۔ تفصیلات کے بموجب اسٹیٹ ڈاٹا سنٹر واقع تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفرا اسٹرکچر کارپوریشن کے احاطہ میں نیا یو پی ایس سسٹم نصب کیا جا رہا ہے ۔ اس تنصیب کیلئے سرکاری ویب سائیٹس کو بند رکھا جائیگا ۔ ریاستی حکومت کی تمام آن لائین خدمات دو دن کیلئے ٹھپ ہو کر رہ جائیں گی ۔ ان دو ایام میں کوئی سرکاری حکمنامہ جاری نہیں کیا جائیگا ۔ گورنمنٹ ویب سائیٹس کی آن لائین خدمات ڈاٹا سنٹر سے انجام دی جا تی ہیں۔ ماہرین نے ریاستی حکومت سے سفارش کی تھی کہ موجودہ یو پی ایس سسٹم کو نئے یو پی ایس سسٹم سے تبدیل کیا جائے کیونکہ موجودہ یو پی ایس سسٹم عصری اور زیادہ موثر نہیں ہے ۔ اس مشورہ پر ریاستی حکومت نے یو پی ایس سسٹم کو تبدیل کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔